• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

شاہین ایک سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کیلئے تیار، 100 وکٹیں لینے پر نگاہیں مرکوز

شائع July 13, 2023
شاہین شاہ آفریدی نے پریکٹس میچ میں چار وکٹیں اپنے نام کیں— فوٹو بشکریہ پی سی بی
شاہین شاہ آفریدی نے پریکٹس میچ میں چار وکٹیں اپنے نام کیں— فوٹو بشکریہ پی سی بی

قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی ایک سال کے طویل عرصے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کے لیے تیار ہیں اور دورہ سری لنکا کے دوران ان کی نظریں کھیل کے سب سے بڑے فارمیٹ میں 100 وکٹیں مکمل کرنے پر مرکوز ہیں۔

گزشتہ دنوں دورہ سری لنکا کے دوران ہمبنٹوٹا میں کھیلے پریکٹس میچ کے دوران جب شاہین نے باؤلنگ شروع کی تو یہ ایک سال بعد پہلا موقع تھا کہ وہ سرخ رنگ کی گیند سے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہے تھے کیونکہ ایک سال قبل اسی سری لنکن سرزمین پر گال ٹیسٹ کے دوران وہ گھٹنے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے۔

گزشتہ سال گال ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن فیلڈنگ کے دوران شاہین کا گھٹنا زخمی ہوا تھا لیکن انہوں نے آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ میں واپسی کی تھی البتہ ایونٹ کے فائنل میں وہ ایک مرتبہ پھر انجری کا شکار ہو گئے تھے اور اسی وجہ سے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز بھی نہیں کھیل پائے تھے۔

تاہم انجری سے صحتیابی کے بعد سری لنکا میں پریکٹس میچ کے دوران انہوں نے متاثر کھیل پیش کیا اور پہلی اننگز میں تین وکٹیں لینے کے بعد دوسری نامکمل اننگز میں بھی دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

فاسٹ باؤلر نے ہمبنٹوٹا میں پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی پر بہت خوش ہوں کیونکہ میری واپسی اسی ملک میں ہو رہی ہے جس میں مجھے انجری ہوئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ ریڈ بال کرکٹ سے لطف اندوز ہوا ہوں اور اب میں ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 100 وکٹوں سے صرف ایک وکٹ کی دوری پر ہوں جو یقیناً میرے لیے بہت اہم بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ وائٹ بال کھیلنے کے بعد ریڈ بال سے ہم آہنگ ہونے میں وقت لگا تاہم کراچی میں کیمپ سے مجھے فائدہ ہوا، ٹیسٹ کرکٹ صبر و تحمل کا تقاضا کرتی ہے اور آپ کو اپنے ساتھی باؤلرز کے ساتھ پارٹنرشپس پر کام کرنا ہوتا ہے، گزشتہ سال وائٹ بال کرکٹ زیادہ کھیلا لیکن کاؤنٹی کرکٹ کھیل رہا تھا تو میچوں کے بعد ریڈ بال سے بھی کئی اوورز کیے تاکہ خود کو ورک لوڈ کے قریب لاسکوں۔

فاسٹ باؤلر نے مزید کہا کہ میرے لیے کرکٹ سے دور رہنا بہت مشکل وقت تھا لیکن وقت نے مجھے اس عرصے میں سکھایا جس سے مجھے آئندہ پرفارم کرنے میں مدد ملے گی۔

شاہین نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہم اس مرتبہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کی ابتدا اچھے طریقے سے کریں گے اور اس بار فائنل میں ضرور پہنچیں گے کیونکہ پچھلے دو سیزنوں میں ہمیں اس کی کمی محسوس ہوئی۔

اگر شاہین شاہ دورہ سری لنکا کے دوران 100 وکٹیں مکمل کر لیتے ہیں تو وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے 11ویں پاکستانی باؤلر ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024