شوٹنگ دو سال تک چلتی رہی تو شک ہوا میری کوئی فلم ریلیز نہیں ہوگی، رومیسہ خان
معروف ٹک ٹاکر اور ٹی وی اداکارہ رومیسہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی جلد ریلیز ہونے والی بلیک تھرلر فلم ’جان‘ (John) کی شوٹنگ دو سال تک ہوتی رہی تو انہیں شک ہوا کہ ان کی کوئی فلم نہیں بن رہی اور نہ ہی وہ ریلیز ہوگی۔
رومیسہ خان نے 2020 سے ٹی وی اداکاری کا آغاز کیا تھا اور وہ ابھی تک چند ہی ڈراموں میں معاونت کرداروں میں دکھائی دی ہیں۔
جلد ہی ان کی پہلی فلم ’جان‘ ریلیز ہوگی، جس میں وہ عاشر وجاہت کے ہمراہ مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔
اپنی پہلی فلم کے حوالے سے ’انڈیپینڈنٹ اردو‘ سے بات کرتے ہوئے رومیسہ خان نے بتایا کہ ان کی فلم میں کوئی گلیمر نہیں ہے اور نہ ہی ان کی فلم میں بہت زیادہ رومانوی مناظر ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ’جان‘ فلم کی کہانی اس طرح کی ہے کہ اس میں رومانس، گلیمر اور ڈانس کو شامل نہیں کیا گیا اور نہ ہی انہیں انتہائی دلکش انداز میں دکھایا گیا ہے۔
رومیسہ خان کے مطابق فلم میں وہ واحد لڑکی ہوں گی اور ایک ہی مرکزی لڑکی کا کردار ہونے کی وجہ سے وہ شروع میں پریشان بھی تھیں کہ انہیں غیر اہم کردار نہ دیا گیا ہو لیکن بعد میں انہیں معلوم ہوا کہ ان کا کردار مرکزی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ فلموں اور ڈراموں میں کیے گئے کردار ان کی حقیقی زندگی سے کافی مختلف ہیں، البتہ سوشل میڈیا پر ان کی جانب سے بنائی جانے والی کامیڈی ویڈیوز کا ان کی حقیقی زندگی سے گہرا تعلق ہے۔
ان کے مطابق وہ حقیقی زندگی میں مزاح پسند ہیں اور شاید انہیں یہ باتیں اپنے والد مرحوم اداکار تنویر خان کی جانب سے ورثے میں ملی ہیں، کیوں کہ وہ بھی کامیڈین تھے۔
ڈراموں اور فلموں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رومیسہ خان نے بتایا کہ انہیں ذاتی طور پر فلموں میں کام کرنے میں مزہ آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ تاحال ان کی پہلی فلم بھی ریلیز نہیں ہوئی لیکن شوٹنگ کے دوران انہوں نے بہت انجوائے کیا۔
رومیسہ خان نے اعتراف کیا کہ عام طور پر ڈراموں کی وجہ سے زیادہ شہرت ملتی ہے اور لوگ پہچاننے لگتے ہیں لیکن انہیں ذاتی طور پر فلموں میں کام کرکے بہت مزہ آتا ہے۔
خیال رہے کہ ان کی پہلی فلم ’جان‘ عاشر وجاہت کی بھی پہلی فلم ہوگی، جس کا ٹریلر گزشتہ برس جاری کرکے اسے جلد ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن مختلف وجوہات کی بنا پر ان کی فلم کی ریلیز مؤخر ہوتی رہی۔
اب ’جان‘ کو رواں ماہ کے وسط تک ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
فلم کے جاری کیے گئے ٹریلر کو دیکھ کر فلم کی مکمل کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ فلم کی کہانی جرائم اور محرومیوں کے ارد گرد گھومتی ہے۔
ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ فلم میں عاشر وجاہت ’سویپر‘ یعنی ’خاکروب‘ کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے جو کہ غلط لوگوں سے واسطہ پڑنے کے بعد ممکنہ طور پر جرائم پیشہ شخص بن جاتے ہیں۔
ٹریلر میں عاشر وجاہت کو نوجوان خاکروب اور جرائم پیشہ افراد کی صحبت میں چلے جاتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے جب کہ انہیں رومیسہ خان سے رومانس میں بھی پیش کیا گیا ہے۔
فلم کی کہانی بابر علی نے لکھی ہے اور انہوں نے ہی اس کی ہدایات دی ہیں جب کہ وہ فلم کے شریک پروڈیوسر بھی ہیں۔
’جان‘ کو فضا خانم نے پروڈیوس کیا ہے جب کہ دیگر متعدد افراد بھی فلم کے شریک پروڈیوسر ہیں۔