• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

تحریک انصاف کے خواجہ فاروق آزاد کشمیر اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر

شائع July 12, 2023
پی ٹی آئی کے 10 ارکان اسمبلی میں سے 2 کا جھکاؤ بظاہر سردار تنویر الیاس کی طرف ہے — فائل فوٹو: طارق نقاش
پی ٹی آئی کے 10 ارکان اسمبلی میں سے 2 کا جھکاؤ بظاہر سردار تنویر الیاس کی طرف ہے — فائل فوٹو: طارق نقاش

آزاد کشمیر اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پارلیمانی لیڈر خواجہ فاروق احمد کو اپوزیشن لیڈر مقرر کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز سیکریٹری اسمبلی چوہدری بشارت حسین کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کی تعیناتی کی منظوری اسپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے رولز آف پروسیجر 1975 کے رُول 17 (اے) کے تحت دی۔

اگست 2021 میں موجودہ اسمبلی کے قیام کے بعد چوہدری لطیف اکبر (جو پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنما ہیں) کو پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) پر مشتمل مشترکہ اپوزیشن کی تجویز پر قائد حزب اختلاف مقرر کیا گیا تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ 20 اپریل کو پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے مخلوط حکومت کا حصہ بننے کے بعد بھی چوہدری لطیف اکبر اس عہدے پر براجمان رہے، اس بات نے ان کی پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بھی اُس وقت چونکا دیا جب انہیں 3 مئی کو اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں خطاب کے لیے مدعو کیا گیا۔

بعد ازاں 3 جون کو چوہدری لطیف اکبر کو اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی کے طور پر منتخب کرلیا گیا۔

یاد رہے کہ 53 رکنی ایوان میں پی ٹی آئی کے 32 ارکان تھے، تاہم سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی نااہلی کے بعد نئی حکومت کے قیام کے دوران پی ٹی آئی کی دو تہائی اکثریت نے پارٹی کو خیرباد کہہ دیا تھا۔

20 اپریل کو چوہدری انوارالحق نئے وزیر اعظم منتخب ہوئے جس کے 4 روز بعد 24 اپریل کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کچھ فیصلے کرنے کے لیے اپنی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر طلب کیا تھا۔

تاہم حیرت انگیز طور پر جب اس وقت پارٹی کے مقامی صدر سردار تنویر الیاس سمیت ایک بڑی تعداد اجلاس میں دکھائی نہ دی تو چیئرمین پی ٹی آئی نے سردار تنویر الیاس کی جگہ سردار عبدالقیوم نیازی کو مقرر کردیا اور خواجہ فاروق احمد کو نیا پارلیمانی لیڈر نامزد کیا جنہوں نے بعد ازاں اسمبلی میں اعلان کیا کہ ان کے ساتھی اپوزیشن بینچوں پر بیٹھیں گے۔

فی الوقت پی ٹی آئی کے صرف 10 ارکان اسمبلی اور جموں کشمیر پیپلز پارٹی (جے کے پی پی) کے واحد رکن نے اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی ٹی آئی کے 10 ارکان اسمبلی میں سے 2 کا جھکاؤ بظاہر سردار تنویر الیاس کی طرف ہے جو کہ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کی لانچنگ ٹیم میں شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024