• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

وزیراعظم سے ملاقات میں مولانا فضل الرحمٰن کا بروقت انتخابات کا مطالبہ

شائع July 11, 2023
مولانا فضل الرحمٰن نے اپنے بیٹے و وفاقی وزیر مولانا اسعد الرحمٰن کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کی — تصویر: اے پی پی
مولانا فضل الرحمٰن نے اپنے بیٹے و وفاقی وزیر مولانا اسعد الرحمٰن کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کی — تصویر: اے پی پی

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات میں اسمبلیوں کی تحلیل اور وقت پر عام انتخابات کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکومت کی اتحادی جماعت جے یو آئی-ایف کے امیر مولانا فضل الرحمٰن نے اپنے بیٹے و وفاقی وزیر مولانا اسعد الرحمٰن کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری کی جانب سے گزشتہ سال پی ٹی آئی کی حکومت کے خاتمے کے بعد حکومت کی باگ ڈور قبول کرنے کی تجویز ایک سیاسی غلطی تھی۔

یہ ملاقات اس وقت ہوئی جب مولانا فضل الرحمٰن نے حال ہی میں دبئی میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں پر مبینہ طور پر ناراضی کا اظہار کیا۔

کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن کو ان ملاقاتوں میں مدعو نہیں کیا گیا کیونکہ وہ انتخابات میں تاخیر کے مخالف ہیں۔

تاہم جے یو آئی-ایف کے ترجمان محمد اسلم غوری نے اس بات کی تردید کی کہ ان کی پارٹی کے سربراہ نے دبئی ملاقات پر کسی قسم کے خدشات یا ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا اور دعویٰ کیا کہ میڈیا نے مولانا فضل الرحمٰن کی صحافیوں سے آف ریکارڈ گفتگو کو توڑ مروڑ کر پیش کیا ہے۔

اسلم غوری نے کہا کہ ’صرف جے یو آئی-ایف ہی نہیں بلکہ پوری پی ڈی ایم دبئی میں ہونے والی بات چیت سے لاعلم تھی، مذاکرات پر تحفظات رکھنا ہمارا حق ہے کیونکہ ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا تھا‘۔

وزیراعظم سے مولانا فضل الرحمٰن کی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ ہم نے واضح طور پر شہباز شریف سے کہا ہے کہ انتخابات میں تاخیر جے یو آئی (ایف) اور عوام کے لیے قابل قبول نہیں۔

جے یو آئی-ف کے بیان میں یہ بھی دہرایا گیا کہ پارٹی نے پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کے بعد فوری انتخابات کی حمایت کی تھی۔

جے یو آئی-ایف کے بیان میں کہا گیا کہ ’ہمارا مؤقف اسٹریٹ پاور کے ذریعے حکومت گرانا اور انتخابات کے لیے جانا تھا لیکن یہ آصف علی زرداری کا راستہ تھا کہ وہ عدم اعتماد کا ووٹ لے کر حکومت کو گرا دیں، یہ ہماری رائے نہیں تھی۔‘

ملاقات کے دوران مولانا نے وزیراعظم سے کہا کہ وقت بتائے گا کہ پی ٹی آئی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے پیچھے کون سی طاقتیں تھیں۔

سربراہ جے یو آئی (ایف) نے کہا کہ ہم بروقت انتخابات چاہتے ہیں اور اس میں تاخیر کا مطلب ہمارے لیے سیاسی نقصان ہوگا، جیسے حکومت لینا ہمارے لیے سیاسی نقصان ثابت ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے حوالے سے (ان کا) مؤقف یکساں ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے جہاں اسمبلیوں کی تحلیل کے حوالے سے وزیراعظم کے حالیہ بیان کو سراہا، وہیں اس خدشے کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے کابینہ کے بعض ارکان نے الیکٹرانک میڈیا پر انتخابات میں تاخیر کی بات کی۔

ڈان نے جے یو آئی-ایف کے مؤقف پر تبصرہ کرنے کے لیے مسلم لیگ (ن) کے کئی رہنماؤں سے رابطہ کیا لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024