• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

اشتعال انگیز بیانات سے دہشت گردی ہوئی تو ذمہ دار ’غیرملکی ایجنٹ‘ ہوگا، مریم اورنگزیب

شائع July 10, 2023
وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس وقت ایف آئی اے کے پاس تمام ثبوت موجود ہیں جن پر تحقیقات ہو رہی ہے — فوٹو: ڈان نیوز
وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس وقت ایف آئی اے کے پاس تمام ثبوت موجود ہیں جن پر تحقیقات ہو رہی ہے — فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اگر اشتعال انگیز بیانات اور حرکتوں سے کسی قسم کا کوئی بھی دہشت گردی کا واقعہ ہوا تو اس کا ذمہ دار یہ ’غیر ملکی ایجنٹ‘ ہوگا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ جو لوگ پگڑیاں اچھالتے تھے، لوگوں پر بے بنیاد الزامات لگاتے تھے وہ کہتے ہیں کہ نواز شریف اچھا آدمی تھا اور ملکی تباہی کا ذمہ در سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ لوگ کہتے ہیں کہ توشہ خانہ سے چوری ہم نے نہیں کی، کہتے ہیں کہ مجھے کیا پتا 190 ملین پاؤنڈ کے لفافے میں کیا تھا، مجھے کچھ پتا نہیں میری کابینہ کے سارے افراد سے پوچھیں۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ وہ شخص ہے جو جھوٹا، دھوکے باز، فراڈیا اور ذہنی مریض ہے جس کا مرض لاعلاج ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس شخص کا مرض لاعلاج ہے، کیونکہ اس کا مرض جھوٹ بولنا، فراڈ کرنا، سازش، فتنہ مچانا ہے جو خود کہتا تھا کہ ملک کے ٹکڑےٹکڑے ہو جائیں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ کل شہباز شریف نے ان تمام چیزوں کی نشان دہی کی کہ ملک سے باہر بیٹھا ٹولہ اداروں کے خلاف مہم جوئی کرتا ہے، جنہوں نے لسبیلہ (بلوچستان) میں ہیلی کاپٹر کے شہدا کے لیے مہم جوئی کی، جنہوں نے آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی، کبھی وزیراعظم، کبھی وزیر داخلہ، وزیر قانون اور کبھی وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف خطرناک سوشل میڈیا مہم چلائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ تمام لوگ اس غیر ملکی ایجنٹ، جھوٹے اور فراڈیے کی پراکسیز ہیں، جو کبھی کہتا ہے کہ مجھ پر راکٹ لانچر کے ساتھ حملہ ہونے والا ہے، قاتلانہ حملہ ہونے والا ہے، کوئی اس سے پوچھے کہ اگر تم پر حملہ ہونے والا ہے تو کیا بالٹی یا ڈھکنا رکھنے سے حملہ نہیں ہوگا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس وقت وفاقی تحقیقات ایجنسی (ایف آئی اے) کے پاس تمام ثبوت موجود ہیں جن پر تحقیقات ہو رہی ہے، وہ تمام عناصر جو صحافت اور آزادی اظہار کا سہارا لے کر اس شخص کی پراکسیز بن کر اس قسم کا خطرناک کھیل کھیلتے ہیں ان کے خلاف تمام ثبوت آچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر اس قسم کے اشتعال انگیز بیانات اور حرکتوں سے کسی قسم کا کوئی بھی دہشت گردی کا واقعہ ہوا تو اس کا ذمہ دار یہ غیرملکی ایجنٹ ہوگا۔

مریم اورنگزیب نے عمران خان پر مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بے شرم آدمی یہ پوچھتا ہے کہ 9 مئی کا فائدہ کس کو ہوا، جس شخص نے منصوبہ بندی کی، ذہن سازی کی، اس کا منصوبہ بنایا، اس کی ہدایات دیں اور اس پر عمل کیا وہ پوچھتا ہے 9 مئی کے واقعے سے کس کو فائدہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعے کا فائدہ پاکستان کے دشمن کو ہوا ہے اور سازش کو ناکام بنانے کا فائدہ پاکستان کے عوام کو ہوا ہے، اور تم (عمران خان) جیسا شخص جو کہ نوجوانوں کو اکساتا ہے وہ پوچھتا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کا فائدہ کس کو ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ تم (عمران خان) کہتے ہو کہ تم سے زیادتی ہوئی ہے، میں تمہیں بتاتی ہوں کہ زیادتی کیا ہوتی ہے، زیادتی وہ ہوتی ہے جب تین بار کے منتخب وزیراعظم کو پاناما کا سہارا لے کر ان کو اپنی بیٹی کے ساتھ جیل میں ڈالنا، اس کو تمام سہولیات سے محروم رکھنا اور باہر امریکا میں یہ کہنا کہ واپس جاکر ان کے کمرے سے اے سی اتاروں گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جب عدالتی احکامات پر تمہیں عزت دار طریقے سے زمان پارک میں وارنٹ گرفتار دیے گئے تو تم نے رینجرز اور پولیس پر پیٹرول بم پھینکوائے جس کی تربیت تم زمان پارک میں دے رہے تھے، جب تمہیں وارنٹ دیا گیا تو تم نے کہا کہ ’اٹیک‘ اور اس کی تم مہینوں سے تربیت دے رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جو مجرم قانون کی خلاف وزری کرتے ہیں اور قانون سے بھاگ رہے ہوتے ہیں ان کو ایسے ہی اغوا کیا جاتا ہے اور یہ ہم نے نہیں کیا یہ عدالتی احکامات تھے، خواتین، ماؤں بہنوں اور بیٹیوں کو ڈھال بناکر تم خود چارپائی کے نیچے گھس گئے، لوگوں کی بیٹیوں کے ساتھ یہ سلوک کرکے آج تم کہتے ہو کہ غیر انسانی سلوک ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ پھر کہتے ہو کہ سپریم کورٹ نے وارنٹ کو غیر قانونی قرار دیا، جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس گرفتاری کو آئینی قرار دیا تھا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ شہباز شریف، اسٹیبلشمنٹ اور میرے درمیان دوری پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مجھے اب اس کی باتوں پر دکھ ہوتا ہے، تم نے 9 مئی واقعہ کیا، جی ایچ کیو پر حملہ کیا، شہدا کی یادگاریں توڑیں، مساجد، ہسپتالیں جلائیں، جناح ہاؤس جلایا، ریڈیو پاکستان جلادیا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے ذریعے جو ملکی معیشت کے ساتھ سازش کی گئی یہ تمام چیزیں سوچی سمجھی ذہن سازی کا نتیجہ تھیں جو کہ پاکستان کے سامنے آچکی ہیں، اب شہزاد اکبر بھی گواہی دے رہے ہیں کہ نواز شریف بہت اچھے آدمی ہیں سارا کام جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے تباہ کیا، اب وہ بھی سوچتے ہوں گے کہا کیا لوگ ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان جس جس جرم کا لوگوں پر الزام لگاتے تھے آج اس کے مجرم وہ خود ہیں، آج تک کسی سیاسی جماعت میں ایسا مجرم نہیں جس نے شہدا کی یادگاریں جلائی ہوں اور ان کی بے حرمتی کی ہو۔

انہوں نے کہا کہ یہ شخص عوام کی ترقی کو روکنے کا مجرم، روزی روٹی کا مجرم، دوبارہ لوڈ شیڈنگ کو لانے کا مجرم، دوبارہ ملک میں دہشت گردی لانے کا مجرم، ملکی معیشت تباہ کرنے کا مجرم، پولیس رینجرز کے سر پھاڑنے کا مجرم ہے۔

ان کا کہنا تھا اس میں جو بھی ملوث ہے ایک ایک کے ساتھ قانون کے نمٹا جائے گا، جو جان بوجھ کر اس مہم کا حصہ ہیں جن کے شواہد آچکے ہیں اور روز ایک نیا بیانیہ بناتے ہیں اور اس پر مہم چلانا شروع کرتے ہیں ان سب کا علاج قانون کے مطابق ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگر عمران خان کہتے ہیں کہ انہوں نے مذمت کی تھی، پہلے انہوں نے کہا اگر مجھے گرفتار کیا تو اپنے اپنے مورچے سنبھال لو اور اسلام آباد ہائی کورٹ آتے وقت ایک پیغام جاری کیا کہ اگر مجھے گرفتار کیا تو اس کا ردعمل آئے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024