• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

جہلم: سلنڈر دھماکے کے باعث عمارت زمین بوس، 5 افراد جاں بحق، 10 زخمی

شائع July 9, 2023
دھماکے سے تین منزلہ عمارت منہدم ہوگئی جب کہ سلنڈر دھماکا اس قدر زور دار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی — فوٹو: عامر کیانی
دھماکے سے تین منزلہ عمارت منہدم ہوگئی جب کہ سلنڈر دھماکا اس قدر زور دار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی — فوٹو: عامر کیانی
دھماکے سے تین منزلہ عمارت منہدم ہوگئی جب کہ سلنڈر دھماکا اس قدر زور دار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی — فوٹو: عامر کیانی
دھماکے سے تین منزلہ عمارت منہدم ہوگئی جب کہ سلنڈر دھماکا اس قدر زور دار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی — فوٹو: عامر کیانی

پنجاب کے ضلع جہلم میں جی روڈ پر قائم نجی ہوٹل کی عمارت میں سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جب کہ 10 زخمی ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق دھماکے سے تین منزلہ عمارت منہدم ہوگئی جب کہ سلنڈر دھماکا اس قدر زور دار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے کے وقت تین منزلہ عمارت میں 20 سے زائد افراد موجود تھے۔

دھماکے کے بعد ریسکیو 1122 سمیت تمام متعلقہ ادارے امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں، جہلم ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو طلب کرلیاگیا ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) حسن طارق کے مطابق امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں اور اب تک 10 زخمیوں اور 5 لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جب کہ مزید 4 افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دھماکا صبح 9 بج کر 45 منٹ پر ہوا جس کے بعد امدادی ٹیموں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔

حسن طارق نے مزید کہا کہ تمام سینئر ڈاکٹرز اور عملہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں موجود ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جب کہ ایک شدید زخمی شہری کو علاج کے لیے ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی ریفر کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر جہلم سمیع اللہ فاروق، ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ سمیت انتظامی افسران جائے حادثہ پر موجود ہیں اور امدادی کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

ابتدائی معلومات کے مطابق ہوٹل کی بالائی منزلوں میں رہائشی فلیٹ تھے جہاں پر زیادہ تر مزدور کرائے پر رہائش پذیر تھے۔

سلنڈر دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں سندھ کے ضلع کشمور سے تعلق رکھنے والا دلاور ولد عبدالرحمٰن، جہلم سے تعلق رکھنے والے تنویر احمد ولد عبدالفاروق، امیر حسین ولد اللہ دتہ، یاسر ولد محمد قدیر ، محمد افضال ولد محمد فاضل شامل ہیں۔

زخمیوں میں جہلم کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے یاسر ولد گلستان، جاوید اقبال ولد محمد سلیم رانجھا، ظفر اقبال ولد خوشی محمد، دانیال ولد افضال، ظفراقبال قریشی ولد ماسٹر بشیر احمد، عبدالشکور ولد مشتاق احمد، فریاب ولد عبدالخالق، توصیف ولد خالد محمود شامل ہیں جب کہ ایک شدید زخمی شخص کی ابھی شناخت نہیں ہو سکی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کے ضلع سرگودھا کی تحصیل بھلوال میں گورنمنٹ کامرس کالج کے قریب وین میں گیس سلنڈر دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد جاں بحق اور 14 دیگر زخمی ہو گئے تھے۔

اس کے علاوہ گزشتہ ماہ گیس سلنڈر پھٹنے کے 3 مختلف واقعات میں کم از کم 5 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024