وزیراعظم کی آرمی چیف پر ’قاتلانہ حملے‘ کی سوشل میڈیا مہم پر اداروں کو کارروائی کی ہدایت
وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر پر قاتلانہ حملے کی سوشل میڈیا مہم کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوج اور اس کے سربراہ کے خلاف مہم چلانے والوں کے خلاف اندرون و بیرون ملک قانونی اقدامات کی ہدایت کردی۔
ایک ٹوئٹ میں شہباز شریف نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کے خلاف مذموم اور بدنیتی پر مبنی مہم میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کو قاتلانہ حملے کی دھمکی دینے کے لیے پراکسیوں کا استعمال کرنے کی اس کی چال بری طرح بے نقاب ہو چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاستی علامتوں پر اس کے منصوبہ بند حملے ناکام ہونے کے بعد وہ واضح طور پر اقتدار میں واپسی کے لیے شدید بے چین ہے، اسے معلوم نہیں کہ اس کی دھمکی، تشدد اور نفرت کی سیاست کا وقت ختم ہو گیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس طرح کی انتہائی قابل مذمت حرکات کے ذریعے وہ صرف اپنے آپ کو بے نقاب کر رہا ہے، جس کا بنیادی مقصد اپنے ذاتی مفاد (اقتدار پر قبضہ) کو باقی تمام چیزوں سے بالاتر رکھنا ہے۔
قبل ازیں دفتر وزیراعظم سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ فوج اور اس کے سربراہ کے خلاف میڈیا مہم چلانا آزادی اظہار کے زمرے میں نہیں آتا، یہ صرف سازش ہے جسے پوری قوت سے روکنا قانونی فرض ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر پر قاتلانہ حملے کی سوشل میڈیا مہم کی شدید مذمت کی اور کہا کہ 9 مئی کے ’یوم سیاہ‘ کے لیے بھی ایسے ہی ذہن سازی کی گئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے منصوبہ ساز، سہولت کار اور ہینڈلرز کو دوٹوک پیغام ہے کہ پاکستان اور اس کے اداروں کے خلاف ہر سازش کچل دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سازشی ذہن اور عناصر ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کے خلاف پھر سے سرگرم عمل ہیں، آرمی چیف اور فوج کے خلاف گھٹیا، مذموم اور شرانگیز میڈیا مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ شہدا کے خلاف غلیظ سوشل میڈیا مہم چلانے والوں کی نئی میڈیا مہم ایک ہی منصوبے کی کڑی ہے، قوم اس گھناؤنی سازش کو بھی اسی طرح ناکام بنائے گی جس طرح 9 مئی کو ملک میں خانہ جنگی کی سازش ناکام بنائی تھی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مایوس عناصر کو بوکھلاہٹ اور مایوسی میں ملک میں نیا بحران پیدا نہیں کرنے دیں گے، قوم اپنی فوج اور اس کے سربراہ کے ساتھ کھڑی ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور سیاسی جماعتیں اپنے آرمی چیف اور مسلح افواج کے پیچھے چٹان کی طرح کھڑے ہیں اور ان کے وقار، عزت اور سالمیت کو مجروح کرنے کی کسی بھی کوشش اور سازش کو ناکام بنائیں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کے بیان کے کچھ ہی دیر بعد پی ٹی آئی کے سابق رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ ’ریمارکس کا مقصد صرف اور صرف عوام اور فوج کے درمیان تفریق پیدا کرنا ہے تاکہ دونوں جنگ میں ہوں اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اپنی لوٹ مار جاری رکھے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ آرمی چیف کے لیے صرف نیک خواہشات ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ (آرمی چیف) الیکشن کمیشن کی انتخابات کے انعقاد میں مدد کریں تاکہ ملک کا (سیاسی) ماحول بہتر ہو’۔