خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان میں بارش، سیلاب سے قراقرم ہائی وے بلاک، سیاح پھنس گئے
خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارش کے باعث سیلاب سے قراقرم ہائی وے مختلف مقامات پر بلاک ہوگئی جس کے نتیجے میں اسلام آباد سے جانے اور آنے والے کئی سیاح اور مسافر پھنس گئے۔
خیبرپختونخوا میں شانگلہ اور کوہستان میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے ڈپٹی ڈائریکٹر غلام عباس نے بتایا کہ قراقرم ہائی وے جیجال، پٹن، اچھرنالہ اور دیگر مقامات پر بلاک ہوگئی ہے تاہم فرنٹیئرورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) راستہ صاف کر رہی ہے۔
اچھرنالہ کا پل گزشتہ برس اگست میں ہونے والی بارشوں کے دوران سیلاب میں بہہ گیا تھا جو تاحال تعمیر نہیں ہوا۔
غلام عباس نے کہا کہ مذکورہ مقام پر زیرتعمیر پل آج ٹریفک کے لیے کھولا جا رہا ہے جبکہ 2022 کے سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے بعد اس کا متبادل راستہ استعمال کیا جا رہا تھا۔
ڈان ڈاٹ کام کے رپورٹر نے مذکورہ مقام سے بتایا کہ سیلاب کے باعث علاقے میں کئی لنک روڈ بلاک ہوگئے ہیں اور گلگت بلتستان اور کوہستان کا رابطہ قراقرم ہائی وے بلاک ہونے کی وجہ سے منقطع ہوگیا ہے۔
اپر کوہستال کی تحصیل ہربن کے چیئرمین اسداللہ خان کا کہنا تھا کہ ان کے علاقے میں موسلادھار بارش ہوئی جس کے نیتجے میں جگہ جگہ پانی جمع ہوگیا اور ٹریفک کا نظام معطل ہوگیا، پیدل چلنے والوں کا راستہ بھی بند ہوگیا اور واٹرسپلائی کی اسکیموں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی دوران گلگت بلتستان اور اسلام آباد جانے والے مسافر بھی قراقرم ہائی وے میں پھنس گئے ہیں کیونکہ اچھر نالہ بلاک ہے۔
عہدیدار کا کہنا تھا کہ گدون اور بسری کے مقام پر بھی ہائی وے بلاک ہے اور اس مقام پر راستہ صاف کرنے کے لیے کام جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وادی ہربن کو قراقرم ہائی وے سے ملانے والا راستہ، واٹرسپلائی کی لائنیں اور علاقے میں پیدل چلنے کا راستہ مکمل طور پر بہہ گیا ہے اور اس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اپرکوہستان کے علاقے داسو کے اسسٹنٹ کمشنر حافظ وقار کا کہنا تھا کہ تحصیل ہربن سے اب تک کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے تاہم بارش کے بعد سیلاب سے افراتفری ہے۔
راستے منقطع ہونے کے بعد پھنسے ہوئے ایک سیاح عنایت علی شاہ نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ قراقرم ہائی وے گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے علاقے گوہر آباد میں بلاک ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آنے والے دنوں میں ملک بھر میں مزید بارشیں ہوں گی اور اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
شانگلہ میں لینڈسلائیڈنگ سے ایک شہری جاں بحق
ضلع شانگلہ میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ایک شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
شانگلہ کے ڈپٹی کمشنر حسن عابد نے بتایا کہ ایک پک اپ وین لینڈ سلائیڈنگ سے کی زد میں آئی، جس کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ حادثہ رنیال کے قریب بشام-سوات روڑ میں زیروپوائنٹ پر پیش آیا، متاثرہ افراد بشام سےسوات جا رہےتھے۔
شانگلہ میں گزشتہ روز بھی لینڈ سلائیڈنگ سے 8 بچے جاں بحق ہوئے تھے، بچے کزکلے میں میدان میں کھیل رہے تھے اسی دوران لینڈسلائیڈنگ سے متاثر ہوگئے تھے۔