• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

اسکاٹ لینڈ کو دلچسپ مقابلے میں شکست، نیدرلینڈز نے ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر لیا

شائع July 6, 2023 اپ ڈیٹ July 7, 2023
ورلڈ کپ 2023 کے لیے کوالیفائی کرنے والی نیدرلینڈز کی ٹیم کا گروپ فوٹو— فوٹو: آئی سی سی
ورلڈ کپ 2023 کے لیے کوالیفائی کرنے والی نیدرلینڈز کی ٹیم کا گروپ فوٹو— فوٹو: آئی سی سی

نیدرلینڈز نے ورلڈ کپ کوالیفائر کے میچ میں باس ڈی لیڈا کی آل راؤنڈ پرفارمنس کی بدولت اسکاٹ لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈ کپ 2023 کے لیے کوالیفائی کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

بلاوایو میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے ہی اوور میں انہیں میتھیو کراس کی شکل میں اہم کامیابی مل گئی۔

اس مرحلے پر کروسٹوفر میک برائیڈ اور نے برینڈ میک مولن کے ساتھ مل کر اسکور 46 تک پہنچایا لیکن 32 رنز بنانے کے بعد وہ باس ڈی لیڈا کی وکٹ بن گئے جبکہ جیارج مُنسے بھی صرف 9 رنز بنا سکے۔

میک مولن کا ساتھ دینے کپتان رچی بیرنگٹن آئے اور دونوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کے لیے 137 رنز کی ساجھے داری بنائی۔

میک مولن نے ایک اور بہترین باری کھیلتے ہوئے سنچری بنائی اور 106 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ بیرنگٹن نے بھی 64 رنز کی اننگز کھیلی۔

اختتامی اوورز میں تھامس میک انٹوش کی جارحانہ اننگز کی بدولت اسکاٹ لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

نیدرلینڈز کی جانب سے باس ڈی لیڈا نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ دو وکٹیں ریان کلین کے نام رہیں۔

نیدرلینڈز کو ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے کے لیے نہ صرف اس میچ میں لازمی فتح درکار تھی بلکہ انہیں 44.1 اوورز یا اس سے قبل یہ ہدف حاصل کرنا تھا ورنہ اسکاٹ لینڈ کی ٹیم کوالیفائی کر جاتی۔

بظاہر یہ کام مشکل نظر آتا تھا لیکن باس ڈی لیڈا نے تن تنہا سنچری بنا کر اپنی ٹیم کو ورلڈ کپ میں پہنچا دیا۔

اوپنرز نے نیدرلینڈز کی ٹیم کو 65 رنز کا عدہ آغاز فراہم کیا لیکن 108 کے مجموعے تک پہنچتے پہنچتے وہ چار وکٹیں گنوا چکی تھی۔

اس مرحلے پر باس ڈی لیڈا فتح اور اسکاٹش ٹیم کے درمیان حائل ہو گئے اور 25 رنز بنانے والے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز کے ہمراہ 55 رنز کی شراکت قائم کی۔

آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد باس ڈی لیڈا نے جارحانہ انداز اپنایا اور اگلے 12.2 اوورز میں نئے بلے باز ثاقب ذوالفقار کے ہمراہ 113 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز تک پہنچا دیا۔

جب 276 کے مجموعی اسکور پر نیدرلینڈز کے بلے باز 5 چھکوں اور سات چوکوں سے سجی 123 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے تو نیدرلینڈز کو میچ میں فتح کے لیے صرف دو رنز درکار تھے جو اس نے دو گیندوں بعد ہی حاصل کر کے ورلڈ کپ کے کوالیفائی کر لیا۔

ثاقب ذوالفقار نے 33 رنز کی اننگز کھیلی اور نیدرلینڈز نے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔

کرکٹ کی تاریخ میں باس ڈی لیڈا محض چوتھے کھلاڑی ہیں جنہوں نے پانچ وکٹیں لینے کے بعد اسی میچ میں سنچری بھی اسکور کی ہو اور انہیں ان کی عمدہ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024