• KHI: Zuhr 12:25pm Asr 4:49pm
  • LHR: Zuhr 11:56am Asr 4:19pm
  • ISB: Zuhr 12:01pm Asr 4:23pm
  • KHI: Zuhr 12:25pm Asr 4:49pm
  • LHR: Zuhr 11:56am Asr 4:19pm
  • ISB: Zuhr 12:01pm Asr 4:23pm

بنگلہ دیش کے مایہ ناز بلے باز تمیم اقبال کا بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

شائع July 6, 2023
تمیم اقبال نے ایک روزہ کرکٹ میں بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنائے—فوٹو: اے ایف پی
تمیم اقبال نے ایک روزہ کرکٹ میں بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنائے—فوٹو: اے ایف پی

بنگلہ دیش کی ون ڈے ٹیم کے کپتان تمیم اقبال نے ورلڈ کپ سے چند ماہ قبل اور افغانستان کے خلاف ایک روزہ سیریز کے دوران اچانک تمام طرز کی انٹرنیشنل کرکٹ سے فوری طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق تمیم اقبال نے چٹاگانگ میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ گزشتہ روز افغانستان کے خلاف میرا آخری انٹرنیشنل میچ تھا، میں آج ہی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو رہا ہوں۔

تمیم اقبال قومی ٹی وی میں نشر ہونے والی پریس کانفرنس کے دوران کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے جذباتی ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے پیچھے کوئی خاص وجہ نہیں ہے، میں اس حوالے سے کچھ عرصے سے سوچ رہا تھا اور اپنے اہل خانہ سے بھی چند روز سے بات کر رہا تھا۔

تمیم اقبال نے کہا کہ میرا خیال تھا کہ مجھے فیصلہ کرنے کا یہی بہتر وقت ہے۔

تمیم اقبال کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے جذباتی ہوئے—فوٹو: اے ایف پی
تمیم اقبال کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے جذباتی ہوئے—فوٹو: اے ایف پی

اس سے دو روز قبل تمیم اقبال اس وقت تنقید کا نشانہ بنے تھے جب وہ افغانستان کے خلاف 3 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں مکمل طور پر فٹ نہ ہونے کا اعتراف کرنے کے باوجود میچ کا حصہ بنے تھے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر ناظم الحسن نے اس بارے میں کھلاڑیوں کی پروفیشنلزم پر سوال اٹھایا تھا۔ .

تمیم اقبال نے افغانستان کے خلاف مذکورہ میچ میں 21 گیندوں پر 13 رنز بنائے تھے بنگلہ دیش ٹیم جیت کے امکان کے باوجود ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت 17 رنز سے ہار گئی تھی۔

اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں 34 سالہ مایہ ناز بلے باز نے بنگلہ دیش کے لیے 241 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں 8 ہزار 313 رنز بنائے، جس میں 14 سنچریاں بھی شامل ہیں۔

تمیم اقبال بنگلہ دیش کی جانب سے ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں اور سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔

بائیں ہاتھ سے کھلنے والے بلے باز ایک روزہ کرکٹ میں 56 نصف سنچریاں بھی بنائیں اور 103 چھکے ان کے ریکارڈ میں شامل ہیں۔

تمیم اقبال نے بنگلہ دیش کے لیے 70 ٹیسٹ میچز کھیلے اور 134 اننگز میں 38.89 کی اوسط سے 10 سنچریوں اور 31 نصف سنچریوں کی مدد سے 5 ہزار 134 رنز بنائے۔

ٹی20 کرکٹ سے انہوں نے 2022 میں ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔

تمیم اقبال نے 74 ٹی20 میچز کھیلے، جس میں ایک سنچری اور 7 نصف سنچریوں کی مدد سے ایک ہزار 701 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے ٹی20 میں سنچری کرنے والے واحد بلے باز ہیں تاہم شکیب الحسن اور محموداللہ نے اس طرز کرکٹ میں ان سے زیادہ رنز بنا رکھے ہیں لیکن ان کی اوسط تمیم سے کم ہے۔

کارٹون

کارٹون : 20 ستمبر 2024
کارٹون : 19 ستمبر 2024