• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ٹوئٹر کے مقابلے میں میٹا کی نئی ایپ ’تھریڈز‘ متعارف

شائع July 6, 2023
ایپلی کیشن پاکستان سمیت 100ممالک میں دستیاب ہے—فائل فوٹو: ٹوئٹر
ایپلی کیشن پاکستان سمیت 100ممالک میں دستیاب ہے—فائل فوٹو: ٹوئٹر

مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کی جانب سے متعدد نئی تبدیلیاں متعارف کرانے کے بعد فیس بک کی مالک کمپنی میٹا نے ٹوئٹر کا متبادل پلیٹ فارم متعارف کردیا ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق میٹا کمپنی کی تیار کردہ ایپ جسے ’تھریڈز‘ کہا جاتا ہے ایپل ایپ اسٹور پر پری آرڈر کے لیے دستیاب تھی، اب اسے انسٹاگرام سے منسلک کردیا گیا ہے۔

نئی ایپلی کیشن ’تھریڈز‘ کے لانچ ہونے کے فوری بعد میٹا کمپنی کے مالک مارک زکربرگ نے پہلی پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’تھریڈز میں خوش آمدید‘۔

انہوں نے لکھا کہ ’تھریڈز‘ کے لانچ ہونے کے بعد صرف ایک گھنٹے کے دوران 50 لاکھ افراد نے اکاؤنٹ بنائے۔

تھریڈز ایپلی کیشن ’ٹیکسٹ بیسڈ کنورسیشن ایپ‘ ہے یعنی لکھ کر تبادلہ خیال کرنے والی ایپ ہے۔

سوشل میڈیا پر اس ایپ کو ’ٹوئٹر کِلر ایپ‘ بھی کہا جارہا ہے، کیونکہ خیال کیا جارہا ہے کہ مذکورہ ایپ کے لانچ ہونے کے بعد ٹوئٹر کا استعمال کم ہوجائے گا۔

تھریڈز ایپلی کیشن میں لاگ اِن کرنے کا طریقہ

ایپلی کیشن کو پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد انسٹاگرام سے لاگ اِن کرنے کے آپشن پر کلک کرنا ہوگا۔

لاگ ان کرنے کے بعد آپ تھریڈ اکاؤنٹ کے بائیو اور ڈسپلے پکچر یعنی تصویر کو تبدیل کرسکتے ہیں لیکن آپ کے تھریڈز اکاؤنٹ کا نام (username) وہی رہے گا جو انسٹاگرام اکاؤنٹ میں ہے۔

اس کے علاوہ اگر آپ کا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر ویریفائڈ ہے تو آپ کا تھریڈ اکاؤنٹ بھی ویریفائڈ رہے گا۔

نئی ایپ کی کیا خاص بات ہے؟

میٹا کے بلاگ پوسٹ کے مطابق نئی ایپ میں صارفین مختصر ٹیکسٹ میں پوسٹ کرسکتے ہیں جنہیں دیگر صارفین لائک، ری پوسٹ اور رلائی بھی کرسکتے ہیں، تاہم اس میں ایک صارف دوسرے صارف کو ڈائریکٹ پیغام نہیں بھیج سکتا۔

ایک پوسٹ کی تحریر 500 الفاظ پر مشتمل ہوگی اور صرف 5 منٹ کی ویڈیو ہی پوسٹ ہوسکیں گے۔

بلاگ پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ ایپل کے ایپ اسٹور اور گوگل کے پلے اسٹور دونوں پر پاکستان سمیت 100 سے زیادہ ممالک میں دستیاب ہے۔

ایپ اسٹور میں اس ایپ کی تفصیل میں کہا گیا ہے کہ ’تھریڈز وہ جگہ ہے جہاں کمیونٹیز ان موضوعات پر بات کرنے کے لیے جمع ہوتی ہیں جن کے بارے میں آپ آج اہمیت دیتے ہیں اور یہ کہ کل کیا ٹرینڈ ہو گا۔‘

مذکورہ ایپ انسٹاگرام سے منسلک ہے، صارفین انسٹاگرام کے ساتھ باآسانی تھریڈز اکاؤنٹ بھی لاگ اِن ہوسکتے ہیں اور انہی اکاؤنٹس کو فالو کرسکتے ہیں جنہیں آپ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فالو کیا ہوا ہے۔

فیس بک کی جانب سے مذکورہ ویب سائٹ کو جلد سے جلد متعارف کرائے جانے کا اعلان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب کہ ٹوئٹر پر نئی تبدیلیاں اور پابندیاں متعارف کرائی گئی ہیں۔

چند دن قبل ہی ایلون مسک نے اعلان کیا تھا کہ ٹوئٹر پر بلیو ٹک رکھنے والے یومیہ 10 پزار ٹوئٹس کو پڑھنے تک محدود ہوں گے جب کہ بلیو ٹک نہ رکھنے والے صارفین صرف ایک ہزار ٹوئٹس پڑھ سکیں گے۔

اسی طرح ٹوئٹر نے ٹوئٹ ڈیک کی سہولت بھی ختم کردی، جس کے تحت صارفین بیک وقت متعدد اکاؤنٹس کو کنٹرول کرنے کے اہل ہوتے ہیں۔

اس سے قبل بھی ایلون مسک نے ٹوئٹر پر کئی پابندیاں اور تبدیلیاں متعارف کرائی تھیں، انہوں نے ہی پیسوں کے عوض بلیو ٹک دینے کا سلسلہ رواں برس شروع کیا۔

ٹوئٹر کی خراب پالیسیوں اور تبدیلیوں کے باعث پہلے ہی صارفین خفا تھے، جس وجہ سے فیس بک نے پہلے ہی اس کے ٹکر کی ایپلی کیشن لانے کا عندیہ دیا تھا اور اب اس نے جلد ایپلی کیشن کو متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔

ڈان کے تھریڈز اکاؤنٹ کو یہاں فالو کیا جاسکتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024