کراچی: خاتون کو ہراساں کرنے والے موٹرسائیکل سوار کی وڈیو وائرل ہونے کے بعد گرفتاری کی کوششیں تیز
کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں دن دیہاڑے خود کو برہنہ کرکے ایک خاتون کو ہراساں کرنے والے شخص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے اس کی گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کردی ہیں۔
سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے سامنے آنے والے اس واقعے میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک نقاب پوش شخص اپنی موٹرسائیکل پارک کرکے اپنی شارٹس اتار کر ایک راہگیر خاتون کو ہراساں کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
گلستان جوہر پولیس اسٹیشن کے ہاؤس افسر (ایس ایچ او) افتخار آرائیں نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ یہ واقعہ پیر (3 جولائی) کو صبح تقریباً 11 بجے پیش آیا تھا۔
ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ قریبی رہائش گاہ کے سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہوا جس کے مکینوں نے بعد میں ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی، تاہم ابھی تک کسی نے ایف آئی آر کے اندراج کے لیے پولیس سے رابطہ نہیں کیا۔
ایس ایچ او نے کہا کہ آج پولیس کی ایک ٹیم نے اس مقام کا دورہ کیا جہاں خاتون کو ہراساں کیا گیا تھا تاکہ سوشل میڈیا پر ویڈیو اپ لوڈ کرنے والے شخص سے متعلق معلومات حاصل کی جاسکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے علاقے میں موجود دو سیکیورٹی گارڈز سے بھی واقعے کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔
ایس ایچ او نے کہا کہ خاتون وہاں سے گزر رہی تھی جب ایک ماسک پہنے اور بغیر نمبر پلیٹ والے موٹرسائیکل سوار نے ان سے بدسلوکی کی۔
افسر نے مزید کہا کہ پولیس کو خاتون کی شناخت کے بارے میں کچھ سراغ ملے ہیں اور مشتبہ شخص کی شناخت کا سراغ لگانے کے لیے بھی کوشش کی جا رہی ہے۔
علاوہ ازیں کراچی ایسٹ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) زبیر نذیر شیخ نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ پولیس نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اور مجرم کی گرفتاری کے لیے ٹھوس کوششیں جاری ہیں۔