امریکا کی سان فرانسسکو میں بھارتی قونصل خانے میں توڑ پھوڑ کی مذمت

شائع July 5, 2023
حالیہ مہینوں کے دوران اس طرح کے احتجاجی مظاہرے برطانیہ اور کینیڈا میں بھارتی سفارتی مشنز کے باہر پیش آئے ہیں— فوٹو: اے این آئی
حالیہ مہینوں کے دوران اس طرح کے احتجاجی مظاہرے برطانیہ اور کینیڈا میں بھارتی سفارتی مشنز کے باہر پیش آئے ہیں— فوٹو: اے این آئی

سکھ برادری کے لیے علیحدہ ریاست کے قیام کے حامیوں کی جانب سے سان فرانسسکو میں بھارتی قونصل خانے پر احتجاج کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد امریکا نے عمارت میں توڑ پھوڑ کی مذمت کی ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق واقعے کی مذمت محکمہ خارجہ کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کی۔

بھارتی خبر رساں ادارے ’اے این آئی‘ نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ سکھ علیحدگی پسندوں نے ہفتے کے آخر میں قونصل خانے کو آگ لگانے کی کوشش کی، اس کوشش کے دوران کوئی بڑا نقصان ہوا اور نہ ہی کوئی زخمی ہوا جب کہ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے سکھ مظاہرین کا ذکر کیے بغیر ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں کہا کہ امریکا، ہفتے کے روز مبینہ توڑ پھوڑ اور آگ لگانے کی کوشش کی شدید مذمت کرتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ امریکا میں سفارتی عمارتوں میں توڑ پھوڑ یا غیر ملکی سفارت کاروں کے خلاف پرتشدد کارروائی قانون کے مطابق قابل سزا جرم ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ مہینوں کے دوران اس طرح کے احتجاجی مظاہرے برطانیہ اور کینیڈا میں بھارتی سفارتی مشنز کے باہر پیش آئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 7 جنوری 2025
کارٹون : 6 جنوری 2025