• KHI: Maghrib 5:45pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:28pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:31pm
  • KHI: Maghrib 5:45pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:28pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:31pm

امریکا: ٹیکساس میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک، 8 زخمی

شائع July 4, 2023
امریکا میں رواں برس فائرنگ کے 340 واقعات رپورٹ ہوئے — فائل/فوٹو: رائٹرز
امریکا میں رواں برس فائرنگ کے 340 واقعات رپورٹ ہوئے — فائل/فوٹو: رائٹرز

امریکی ریاست ٹیکساس کے علاقے فورٹ ورتھ میں مقامی میلے کے انعقاد کے بعد ہونے والی فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔

خبر ایجنسی ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ فائرنگ کا تازہ واقعہ 4 جولائی کو مقامی سطح پر چھٹی کے موقع پر پیش آیا۔

پولیس نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ رات کو پارکنگ کے علاقے میں پیش آیا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ فائرنگ کے بعد ایک شہری موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا تاہم دیگر دو افراد ہسپتال میں انتقال کرگئے اور 8 افراد کو زخمی حالت میں ہسپتال میں داخل کردیا گیا۔

اے بی سی نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ زخمیوں میں 10 بالغ اور ایک کم عمر شامل ہے۔

رپورٹ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ فورٹ ورتھ میں سالانہ کوموفیسٹ کے اختتام کے چند گھنٹوں بعد کومو سیکشن میں پیش آیا، یہ میلہ 4 جولائی کو منایا جاتا ہے اور اس دن امریکا میں آزادی کا جشن منایا جاتا ہے۔

فائرنگ کی وجوہات اور ملزمان سے متعلق واضح معلومات نہیں دی گئیں اور کوئی گرفتاری بھی عمل میں نہیں آئی۔

محکمہ پولیس کے سینئر عہدیدار شون مرے نے کہا کہ ہمیں معلوم نہیں کہ آیا یہ واقعہ ذاتی چپقلش کا معاملہ ہے یا گینگ سے متعلق ہے، اس موقع پر بات کرنا قبل از وقت ہوگا۔

ٹیکساس میں اس سے قبل 30 اپریل کو مسلح شخص نے ایک گھر میں 8 سالہ بچے سمیت 5 افراد کو گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔

امریکی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ تفتیش کاروں کا خیال تھا کہ مسلح شخص اپنی اے آر-15 بندوق سے ہمسایہ گھر کے احاطے میں فائر کر رہا تھا جب متاثرین نے اسے رکنے کو کہا کیونکہ وہ بچے کو سلانے کی کوشش کر رہے تھے۔

گن وائلنس آرکائیو کے اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں گزشتہ طویل عرصے سے فائرنگ کے واقعات کا سلسلہ جاری ہے، رواں برس اب تک عوامی مقامات میں فائرنگ کے 340 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ فائرنگ سے ایک واقعے میں ملزم کو شامل کیے بغیر 4 افراد مارے گئے۔

قبل ازیں پیر کو فلاڈیلفیا میں پیش آنے والے فائرنگ کے ایک اور واقعے میں 5 افراد مارے گئے تھے اور 2 افراد زخمی بھی ہوئے تھے، تاہم پولیس نے بتایا تھا کہ ملزم کو حراست میں لیا گیا ہے۔

فلاڈیلفیا میں فائرنگ سے ایک روز قبل میری لینڈ کے علاقے بالٹیمور میں بھی اسی طرح کا واقعہ پیش آیا تھا اور اس میں 2 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہوگئے تھے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ میں کئی ملزمان کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔

کارٹون

کارٹون : 15 نومبر 2024
کارٹون : 14 نومبر 2024