• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

آئی ایم ایف معاہدے کے باوجود موڈیز اور فچ کا خدشات کا اظہار

شائع July 4, 2023
گریس لم نے بتایا کہ پاکستان کے ایک اور آئی ایم ایف پروگرام میں جانے کی وضاحت انتخابات کے بعد ہی ہوسکے گی— فائل فوٹو:
گریس لم نے بتایا کہ پاکستان کے ایک اور آئی ایم ایف پروگرام میں جانے کی وضاحت انتخابات کے بعد ہی ہوسکے گی— فائل فوٹو:

دنیا کی دو بڑی ریٹنگ ایجنسیز نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان کو اس سے نمایاں طور پر زیادہ فنڈنگ کی ضرورت ہوگی جو اسے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے حاصل ہوگی تاکہ وہ قرض کی ادائیگی اور معاشی بحالی کر سکے۔

ڈان اخبار میں شائع بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق موڈیز انویسٹر سروس اور فچ ریٹنگز نے یہ تنبیہ جاری کی، جو دنیا کی 3 میں سے 2 بڑی ریٹنگ ایجنسیاں ہیں، جو امریکی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن سے منظور شدہ ہیں۔

دونوں ایجنسیز نے نوٹ کیا کہ پاکستان کو رواں مالی سال میں 25 ارب ڈالر قرض کی ادائیگی کرنا ہے، جس میں سود اور قرض کی اقساط بھی شامل ہیں، موڈیز کے مطابق یہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر سے 7 گنا زیادہ رقم ہے۔

ڈائریکٹر فچ برائے ایشیا اینڈ پیسیفک کرس جانس کرسٹینز نے بتایا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ گزشتہ ہفتے جو 3 ارب ڈالر کا معاہدہ کیا تھا، یہ رقم اس سے کافی زیادہ ہے، اور اس پروگرام کی آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ سے منظوری بھی ہونا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قرض کی ادائیگی اور معاشی بحالی کے لیے اس سے زیادہ رقم کی ضرورت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے ممکنہ طور پر ایسی فنانسنگ کے حوالے سے یقین دہانی طلب کی ہوگی لیکن خدشہ ہے کہ یہ ناکافی ثابت ہوسکتی ہیں، خاص طور پر اگر جاری کھاتہ (کرنٹ اکاؤنٹ) خسارہ دوبارہ بڑھتا ہے۔

بلومبرگ نے ان دو اداروں کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ آئی ایم ایف پروگرام نے منڈیوں میں مثبت لہر بھیجی ہے، پیر کو اسٹاک ایکسچینج 15 سال بعد سب سے زیادہ بڑھا اور روپے کی قدر میں بھی بہترین مضبوطی جاری ہے۔

سنگاپور میں موڈیز کے تجزیہ کار گریس لِم نے بتایا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف معاہدے کے لیے ٹیکسز میں اضافہ کیا اور شرح سود بڑھا کر تاریخی بلند سطح پر کردی جبکہ اخراجات میں کمی بھی کری، یہ بات غیر یقینی ہے کہ پاکستانی حکومت آئی ایم ایف سے 9 مہینے کے اسٹینڈ بائے ارینجمنٹ کے تحت 3 ارب ڈالر حاصل کر لے گی۔

انہوں نے کہا کہ اصلاحات کو مسلسل نافذ کرنے کے لیے حکومت کے عزم کا امتحان اس وقت لیا جائے گا جب وہ اکتوبر تک ہونے والے انتخابات میں حصہ لے رہی ہے، پاکستان نے اس سے قبل اگست میں 1.1 ارب ڈالر حاصل کیے تھے، تاہم بعد ازاں قرض دہندہ نے فنڈز جاری نہیں کیے تھے کیونکہ اسلام آباد کچھ شرائط پوری کرنے میں ناکام رہا تھا۔

گریس لم نے بتایا کہ کیا پاکستان ایک اور آئی ایم ایف پروگرام میں جائے گا اس بات کی وضاحت انتخابات کے بعد ہی ہوسکے گی، پاکستان کی دیگر دوطرفہ اور کثیرالاقوامی شراکت داروں سے طویل المعیاد قرضے حاصل کرنے کی صلاحیت شدید محدود ہوگی۔

مئی میں فچ نے بتایا تھا کہ پاکستان کو مئی میں 70 کروڑ ڈالر اور جون میں مزید 3 ارب ڈالر کی ادائیگی کرنی ہے، فچ نے نوٹ کیا تھا کہ اس میں سے 2.4 ارب ڈالر کے ڈپازٹس اور قرضے چین رول اوور کردے گا۔

ریٹنگ ایجنسیز نے مئی میں خبردار کیا تھا کہ اگر پاکستان کو آئی ایم ایف سے معاونت نہیں ملتی تو پاکستان دیوالیہ ہوسکتا ہے یا وہ قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ کرے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024