• KHI: Asr 5:19pm Maghrib 7:25pm
  • LHR: Asr 5:03pm Maghrib 7:11pm
  • ISB: Asr 5:12pm Maghrib 7:21pm
  • KHI: Asr 5:19pm Maghrib 7:25pm
  • LHR: Asr 5:03pm Maghrib 7:11pm
  • ISB: Asr 5:12pm Maghrib 7:21pm

کرکٹ کی اولین عالمی چمپیئن ویسٹ انڈیز کی ٹیم ورلڈ کپ سے باہر

شائع July 1, 2023
ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست ہوئی–فوٹو بشکریہ کرک انفو
ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست ہوئی–فوٹو بشکریہ کرک انفو

کرکٹ کی تاریخ میں ابتدائی دو ورلڈ کپ جیتنے والی ویسٹ انڈیز کی ٹیم کوالیفائر میں اسکاٹ لینڈ جیسی غیرمعروف ٹیم سے شکست کے بعد ورلڈ کپ سے باہر ہوگئی۔

زمبابوے کے شہر ہرارے میں ورلڈکپ کوالیفائر میچز جاری ہیں جہاں ویسٹ انڈیز کی ٹیم مسلسل بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورلڈ کپ تک رسائی میں ناکام رہی۔

ہرارے میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کوالیفائر کا 23 واں میچ ہوا جہاں اسکاٹ لینڈ نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو ویسٹ انڈیز کی ٹیم 50 اوورز کے کھیل میں ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔

ویسٹ انڈیز کے اوپنر جانسن چارلس اور شامار بروکس صفر پر آؤٹ ہوئے، برینڈن کنگ 22 گیندوں پر 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو ٹیم کے 3 کھلاڑی 52 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے۔

کائل مائلز 5 رنز بنا کر میدان بدر ہوئے اور 30 رنز پر ویسٹ انڈیز کی چوتھی وکٹ بھی گرگئی۔

کپتان شے ہوپ اور نیکولس پوران نے پانچویں وکٹ کر 30 رنز کی شراکت کی تو ٹیم کو امید ہوچلی تھی کہ بڑا اسکور ہوگا لیکن کپتان کی اننگز 13 رنز سے آگے نہیں بڑھ سکیی۔

نیکولس پوران نے 21 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور 80 رنز تک پہنچایا مگر ٹیم کو مشکل میں چھوڑ کر میدان بدر ہوگئے۔

ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان جیسن ہولڈر نے ایک مشکل وقت میں ٹیم کو سہارا دینے کی بھرپور کوشش کی اور دوسرے اینڈ سے روماریو شیفرڈ 36 رنز بنا کر ان کا ساتھ دیا اور اسکور 158 رنز تک پہنچایا۔

جیسن ہولڈر کی 45 رنز کی اننگز بھی 158 رنز پر اختتام پذیر ہوئی، جس کے بعد کیون سنکلیئر نے 10 رنز بنائے اور 174 کے اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم 44 ویں اوور میں 181 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تو ان کے ورلٹ تک رسائی کے امکانات معدوم ہوگئے۔

اسکاٹ لینڈ کی جانب سے برینڈن مکمولن نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، کرس سول، مارک واٹ اور کرس گریویس نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں اسکاٹ لینڈ کا آغاز بھی اچھا نہیں تھا اور پہلی ہی وکٹ صفر پر گری جب جیسن ہولڈر نے انہیں سنکلئیر کے ہاتھوں کیچ کرایا۔

میتھیو کراس اور برینڈن میکمولن نے دوسری وکٹ پر 125 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کو جیت کے قریب لایا اور دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔

برینڈن میکمولن 69 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد جارج منسے 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اسکاٹ لینڈ نے 3 وکٹیں گرنے کے بعد ہدف باآسانی حاصل کرلیا اور 40 ویں اوور کی تیسری گینڈ پر 185 رنز بنا کر ویسٹ انڈیز کو نہ صرف شکست دی بلکہ ورلڈ کپ میں شرکت سے ببھی محروم کردیا۔

میتھیو کراس نے ناقابل شکست 74 رنز بنائے اور کپتان رچی بیرنگٹن نے آؤٹ ہوئے بغیر 13 رنز بنائے۔ اسکاٹ لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی اور مکمولن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ویسٹ انڈیز کو ورلڈ کپ تک رسائی کے امکانات بحال رکھنے کے لیے اس میچ میں کامیابی ضروری تھی لیکن ٹیم 50 اوور بھی پورے نہیں کھیل پائی۔

کپتان شے ہوپ نے کہا کہ کوئی ایک بات ایسی نہیں جس پر میں بات کروں، ہم نے پورے ٹورنامنٹ میں خود کر گرایا۔

ان کا کہنا تھا کہ تیاریوں کے لیے بہتری کی ضرورت تھی، ہم بغیر تیاری کے یہاں نہیں آسکتے اور ایلیٹ ٹیم کی توقع کریں، ایک دن میں عظیم ٹیم بننے کی توقع نہیں کی جاسکتی۔

ورلڈ کپ کا آغاز 5 اکتوبر کو بھارت میں ہوگا اور 19 نومبر تک جاری رہے گا جہاں 8 ٹیمیں براہ راست کوالیفائی کرچکی ہیں اور دو ٹیمیں کوالیفائر سے عالمی کپ کا حصہ ہوں گی۔

اس وقت کوالیفائر راؤنڈ میں زمبابوے اور سری لنکا کی ٹیمیں سرفہرست ہیں اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 8 جولائی 2024
کارٹون : 7 جولائی 2024