• KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

والدین کی پسند سے شادی کروں گی، جنت مرزا

جنت مرزا نے کہا شادی کے معاملے پر والدین سے بہتر کوئی فیصلہ نہیں کرسکتا — فائل فوٹو: انسٹاگرام/جنت مرزا
جنت مرزا نے کہا شادی کے معاملے پر والدین سے بہتر کوئی فیصلہ نہیں کرسکتا — فائل فوٹو: انسٹاگرام/جنت مرزا

نامور ٹک ٹاکر جنت مرزا کا کہنا ہے کہ وہ والدین کی پسند سے ہی شادی کریں گی، نکاح اور شادی سے قبل سوشل میڈیا پر کوئی تصاویر شیئر نہیں کریں گی۔

پاکستان میں سب سے زیادہ فالو کی جانے والی ٹک ٹاکر جنت مرزا نے ایکسپریس انٹرٹیمنٹ کے پروگرام ’دی ٹاک شو‘ میں شرکت کی۔

پروگرام کے دوران جنت مرزا نے کہا کہ ’سوشل میڈیا پر ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے پر انہیں والدین کی سپورٹ ہمیشہ حاصل رہی ہے، وہ دنیا کے کسی بھی ملک کا سفر کریں یا کسی ٹاک شو میں شرکت کے لیے جاتی ہیں تو والدہ ہمیشہ ان کے ساتھ ہی رہتی ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اگر والدین آپ کے ساتھ نہیں ہے تو دنیا آپ کو گِرا دے گی لیکن جب والدین آپ کے ساتھ کھڑے ہیں تو دنیا کی کوئی طاقت آپ کو ہرا نہیں سکتی، والد نے ہمیشہ ایک حدود رکھی ہیں جس پر میں بھی اتفاق کرتی ہوں اور مجھے معلوم ہے کہ ان حدود سے تجاوز نہیں کرنا۔‘

جنت مرزا نے کہا کہ وہ ٹک ٹاکر بننے سے قبل والد کی طرح پولیس افسر بننا چاہتی تھیں، ’میں چاہتی ہوں کہ جہاں کسی مظلوم کے ساتھ غلط ہو رہا ہو وہاں میں ان کا دفاع کرنے پہنچ جاؤں، میری بہنیں بھی مجھے کہتی ہیں کہ میں ان کی بہن نہیں بلکہ بھائی ہوں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’میں ہر 6 ماہ بعد جاپان جاتی ہوں، کیونکہ وہاں ہماری فیملی رہتی ہے، پاکستان میں نجی زندگی ختم ہوگئی ہے، گھر سے باہر نہیں نکل سکتی، باہر نکلو تو ہمیشہ ڈر لگا رہتا ہے کہ کوئی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کردے گا۔‘

جنت مرزا نے منگنی ٹوٹنے کے سوال پر جواب دیا کہ ’آپ اگر کسی کے ساتھ نہیں چل سکتے تو اس رشتے کو اچھے طریقے سے ختم کردینا بہتر ہے نہ کہ بہت بڑا ڈراما بنا دیا جائے۔‘

میزبان حسن چوہدری کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ’ممکنہ طور پر میں والدین کی پسند سے ہی شادی کروں گی، شادی اور نکاح ہونے کے بعد ہی سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کروں گی، اس سے پہلے نہیں پوسٹ کروں گی۔‘

انہوں نے کہا کہ شادی کے معاملے پر والدین سے بہتر کوئی فیصلہ نہیں کرسکتا۔

جنت مرزا نے کہا کہ ’پہلے میں شادی کے لیے لڑکا پسند کرتے ہوئے اس کی ظاہری خوبصورتی دیکھتی تھی لیکن اب چاہتی ہوں کہ لڑکا وفادار، مخلص، دیکھ بھال کرنے والا ہو۔‘

وہ کہتی ہیں کہ ’مجھے لگتا ہے کہ جو انسان دل کا اچھا ہو اس سے شادی کرنی چاہیے، ظاہری شکل دیکھ کر انسان پھنس جاتا ہے۔‘

ٹک ٹاکر نے یہ بھی کہا کہ ’کوئی بھی انسان اگر آپ کے کردار کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے تو اسے اپنی زندگی سے نکال کر باہر پھینک دیں، اسے دوسرا موقع نہ دیں۔‘

میزبان نے سوال پوچھا کہ کچھ ماہ قبل آپ نے بیان دیا تھا کہ ڈراما انڈسٹری والوں کو آپ سے کچھ مسائل ہیں۔

جس پر جنت مرزا نے جواب دیا کہ ’میں نے ایسا نہیں کہا، ڈراما انڈسٹری میں گنتی کے کچھ لوگ ایسے ہیں جنہیں شاید مسئلہ ہوسکتا ہے، میں کسی کا نام نہیں لوں گی، حال ہی میں میری بشریٰ انصاری سے خواشگوار موڈ میں ملاقات ہوئی تھی۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’کبھی کسی ٹک ٹاکر نےکسی کے بارے میں بُری بات نہیں کی، ہم آپس میں ہی لڑتے ہیں لیکن کسی دوسرے کے کام یا کردار پر انگلی نہیں اٹھاتے۔‘

جنت مرزا نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ جلد ٹی وی ڈراموں میں نظر آئیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ’ممکنہ طور پر میں ڈراموں میں بھی نظر آؤں گی، میرے پاس کچھ اسکرپٹ آئے ہیں، اور میں انہیں کرنے کا ارادہ رکھتی ہو، میں ایسا کردار ادا کرنی چاہتی ہوں جسے لوگ بے حد پسند کریں۔‘

ٹک ٹاکر نے کہا کہ ڈراما انڈسٹری میں آنے کی مجھے ضرورت نہیں ہے بلکہ یہ میرا شوق ہے۔

جنت مرزا نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انہیں نامور ڈراما سیریل ’پری زاد‘ میں اشنا شاہ کا کردار اور ڈراما ’ہم کہاں کے سچے تھے‘ میں کبریٰ خان کا کردار کرنے کی آفر ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ’مجھے پری زاد اور ہم کہاں کے سچے میں کردار ادا کرنے کی آفر ہوئی تھی بدقسمتی سے میں جاپان میں تھی، جس کی وجہ سے میں نہیں کرسکی۔

ٹک ٹاکر نے بتایا کہ مجھے آج بھی پچھتاوا ہے کہ کاش میں پاکستان میں ہوتی، مجھے نہیں لگتا کہ اشنا اور کبریٰ خان سے بہتر کردار ادا کرسکتی تھی، یہ دونوں بہت عرصے سے اس فیلڈ میں کام کر رہی ہیں، لیکن اگر میں کوشش کرتی تو شاید لوگوں کو میرا کام بھی پسند آتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کچھ لوگ میرا نام لے کر مشہور ہونا چاہتے ہیں، جس نے بھی آج تک میرے خلاف ویڈیو بنائی ہے اس سے آج میری اچھی بات چیت ہے۔

یاد رہے کہ جنت مرزا کے انسٹاگرام پر 4 لاکھ سے زائد فالوورز جبکہ ٹک ٹاک پر 22 لاکھ سے زیادہ فالوورز ہیں، وہ ٹک ٹاک پر پاکستان میں سب سے زیادہ فالو کی جانے والی ٹاک ٹاکر ہیں۔

اگست 2022 میں عمر بٹ نامی لڑکے کے ساتھ ان کی بات پکی ہونے کی خبریں بھی گردش کر رہی تھیں۔

جنت مرزا نے کہا تھا کہ ان کے رشتے کی بات پکی ہو چکی ہے جبکہ شادی کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

تاہم فروری 2023 میں جنت مرزا نے خود انسٹاگرام پر عمر بٹ کے ساتھ راہیں جدا کرنے کا اعلان کیا تھا، انہوں نے ساتھ ہی عمر بٹ پر بے وفائی کا بھی الزام لگایا تھا جس کے بعد یہ معاملہ سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 9 جنوری 2025
کارٹون : 8 جنوری 2025