معروف اداکار شکیل احمد 85 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
ٹیلی ویژن انڈسٹری کے سینیئر اداکار شکیل احمد طویل علالت کے بعد 85 برس کی عمر میں کراچی کے سی ایم ایچ ہسپتال میں انتقال کرگئے۔
’ریڈیو پاکستان‘ کی رپورٹ کے مطابق اداکار کے ورثا نے مرحوم کے انتقال کی خبر کی باضابطہ طور پر تصدیق کردی ہے۔
اداکار شکیل احمد کا اصل نام یوسف کمال تھا جنہوں نے متعدد لازوال ڈراموں میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق اداکار شکیل اپنی بے عیب اداکاری کے لیے مشہور تھے، انہوں نے مختلف ٹیلی ویژن ڈراموں میں اپنے یادگار کرداروں کے سبب بےپناہ شہرت حاصل کی۔
2012 میں ’ڈان‘ میں شائع ہونے والے شکیل احمد کے پروفائل کے مطابق انہوں نے چھوٹی اسکرین پر بھرپور راج کیا اور ان کے دورِعروج میں کوئی بھی ڈرامہ سیریل ان کے بغیر مکمل نہیں ہوتا تھا۔
1938 میں بھارت کے شہر بھوپال میں پیدا ہونے والے شکیل احمد کے خاندان نے 1938 میں ہی پاکستان ہجرت کرلی تھی، انہوں نے 1966 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ہونہار‘ سے بڑے پردے پر اپنے کیریئر کا آغاز کیا جس میں انہوں نے لیجینڈ اداکار وحید مراد کے ساتھ اداکری کے جوہر دکھائے۔
تاہم انہوں نے اصل شہرت ٹی وی اسکرین پر کام کرکے حاصل کی جہاں انہوں نے انکل عرفی (1972)، ان کہی (1982) اور آنگن ٹیڑھا (1984) سمیت کئی معروف ڈراموں میں لازاوال کردار ادا کیے۔
انہیں 2015 میں اس وقت کے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے ستارہِ امتیاز سے نوازا تھا۔
ان کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے ٹی وی اداکار فیصل قریشی نے کہا کہ شکیل احمد ہماری قوم کا فخر تھے جنہوں نے طویل عرصے تک ہمیں تفریح فراہم کی۔
سینیئر صحافی رضا رومی نے مرحوم کی وفات پر اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ایک تخلیقی صلاحیتوں سے مالا مال لیجنڈ اب ہم میں نہیں رہا، ہم ان کے ڈراموں اور مکالموں کے ساتھ بڑے ہوئے، ان کی پرفارمنس متنوع اور بے مثال تھی۔