• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

یوکرینی شہر پر روسی حملہ، کم عمر جڑواں بہنوں سمیت 10 افراد ہلاک

شائع June 28, 2023
فروری 2022 میں اپنے حملے کے بعد سے روس نے اکثر یوکرین کے شہروں کو نشانہ بنایا—فائل فوٹو:رائٹرز
فروری 2022 میں اپنے حملے کے بعد سے روس نے اکثر یوکرین کے شہروں کو نشانہ بنایا—فائل فوٹو:رائٹرز

یوکرین کے مشرقی شہر کراماتورسک میں گزشتہ شام پرہجوم ریسٹورنٹ پر روسی میزائل حملے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے جبکہ ملبے سے چوتھے بچے سمیت دو مزید لاشیں نکال لی گئیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی خبر کے مطابق پولیس نے بتایا کہ منگل کے روز میزائل حملے میں ریسٹورنٹ ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا اور اس حملے میں کم از کم 61 افراد زخمی ہوئے۔

ڈونیٹسک ریجن کی ایمرجنسی سروسز کی ترجمان نے یوکرینی ٹیلی ویژن کو بتایا کہ امدادی کارکن اب تک ملبے سے 10 افراد کی لاشیں نکال چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 8 افراد کو ملبے سے زندہ ریسکیو کیا گیا اور اندازہ ہے کہ کم از کم تین مزید شہری اس میں پھنسے ہوئے ہیں۔

کراماٹورسک کے میئر نے میسجنگ ایپ ٹیلی گرام پر پوسٹ کی کہ ایک لڑکے کی لاش نکال لی گئی ہے لیکن انہوں لڑکے کی عمر نہیں بتائی۔

منگل کو ہلاک ہونے والے افراد میں دو 14 سالہ بہنیں بھی شامل تھیں، اس کے علاوہ ایک اور 17 سالہ لڑکی بھی حملے میں ہلاک ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق 64 سالہ خاتون نے بتایا کہ میں دھماکے کے بعد یہاں آئی تھی، میں نے یہاں ایک کیفے کرائے پر لیا تھا لیکن یہاں سب کچھ تباہ ہو گیا ہے۔

خاتون نے خبرایجنسی رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیشے، کھڑکیاں، دروازے کچھ بھی نہیں بچا، مجھے یہاں صرف تباہی، خوف اور وحشت نظر آرہی ہے، یہ 21 ویں صدی ہے۔

رات بھر جاری رہنے والی امدادی کارروائیوں کے دوران پولیس اور سپاہی فوجی وردی میں ملبوس ایک شخص کو اسٹریچر پر لے جاتے ہوئے دیکھے گئے، اس شخص کو ایمبولینس میں رکھا گیا تاہم یہ واضح نہیں کہ وہ شخص زندہ تھا یا نہیں۔

دوسرا میزائل کراماٹرسک کے کنارے پر واقع گاؤں پر داغا گیا جس میں پانچ افراد زخمی ہوئے۔

یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے رات کو جاری اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ حملوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ روس اپنے کیے گئے اقدامات کے نتیجے میں صرف شکست اور عالمی عدالت انصاف کا سامنا کرنے کا حق دار ہے-

روس نے فروری 2022 میں اپنے حملے کے بعد یوکرین کے اکثر شہروں کو نشانہ بنایا ہے جبکہ روس جان بوجھ کر شہریوں کو نشانہ بنانے کی تردید کرتا ہے۔

کراماٹوسک صوبہ ڈونیٹسک کے مغرب میں واقع ہے، یہ شہر متعدد مرتبہ روسی حملوں کا نشانہ رہا ہے، اپریل 2022 میں وہاں کے ریلوے اسٹیشن پر میزائل حملے میں 63 افراد ہلاک ہو گئے تھے، یہ حملہ جنگ کے دوران کیے گئے مہلک ترین فضائی حملوں میں سے ایک تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024