• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی ٹیم فیورٹ ہے، وسیم اکرم

شائع June 27, 2023
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی کرکٹ ٹیم فیورٹ ہے، ہمارے پاس دنیا کے نمبر ون بیٹر بابراعظم کی قیادت میں ایک بہترین ون ڈے ٹیم موجود ہے۔

آئی سی سی پوڈ کاسٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق اسٹار فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے کہا کہ بھارت میں ہونے والے میگا ایونٹ کی کنڈیشنز پاکستان کے لیے سازگار ہوں گی، اگر تمام کھلاڑی فٹ رہے تو ان کے لیے ورلڈکپ میں اچھی کارکردگی دکھانے کا موقع ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم 1992 کے بعد دوسری مرتبہ آئی سی سی ورلڈ کپ جیت سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ون ڈے فارمیٹ میں پاکستان کو دنیا کے نمبر ون بیٹر بابراعظم کی خدمات حاصل ہیں، اس کے علاوہ ٹیم میں محمد رضوان، امام الحق، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کی صورت میں باصلاحیت اور بہترین کھلاڑی موجود ہیں۔

سابق کپتان نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ٹیم کچھ اچھا کرے گی، پاکستان میں کرکٹ کا شوق رکھنے والا ہر شہری بابر اعظم کو فالو کرتا ہے، بابر کی کور ڈرائیو سب سے زیادہ خوب صورت ہے۔

خیال رہے کہ بھارت میں ہونے والے ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے آغاز سے 100 دن قبل ایونٹ کا حتمی شیڈول جاری کردیا گیا ہے اور ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ 2019 کی فائنلسٹ ٹیمیں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان احمد آباد اسٹیڈیم میں 5 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

ٹورنامنٹ میں کُل 10 ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں سے آٹھ ٹیمیں براہ راست عالمی کپ میں جگہ بنا چکی ہیں جبکہ دو ٹیموں کا فیصلہ زمبابوے میں 9 جولائی کو کوالیفائر ٹورنامنٹ کے اختتام پر ہوگا۔

ہر ٹیم 2019 کے فارمیٹ کی طرح راؤنڈ روبن کی طرز پر 9 میچز کھیلے گی اور سب سے زیادہ پوائنٹس کی حامل چار ٹیمیں سیمی فائنل میں مدمقابل ہوگی۔

ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل تمام ٹیمیں حیدرآباد، تھیرووناتھاپورم اور گوہاٹی میں وارم اَپ میچز کھیلیں گی۔

روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کی میزبانی 15 اکتوبر کو بھارت کا سب سے بڑا احمدآباد اسٹیڈیم کرے گا۔

بھارت ایونٹ میں اپنے تمام راؤنڈ میچز 9 مقامات پر کھیلے گا جبکہ لیگ مرحلے میں پاکستان کے میچز پانچ مقامات پر کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کی ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو کوالیفائر ٹیم سے حیدرآباد میں کھیلے گی جبکہ دوسرا میچ بھی اسی مقام پر دوسرے کوالیفائر کے خلاف شیڈول ہے۔

اس کے بعد قومی ٹیم کا مقابلہ 15 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت سے ہوگا جبکہ 20 اکتوبر کو بنگلورو میں آسٹریلیا کا چیلنج درپیش ہوگا۔

گرین شرٹس کا اگلا امتحان 23 اکتوبر کو چنائی میں افغانستان کے خلاف ہوگا جس کے بعد 27 اکتوبر کو پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

ورلڈ کپ میں پاکستان کی ٹیم ساتواں میچ بنگلہ دیش کے خلاف 31 اکتوبر کو کھیلے گی اور 4 نومبر کو بنگلورو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ کی میزبانی کرے گا۔

قومی ٹیم اپنا آخری راؤنڈ میچ 12 نومبر کو دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024