• KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

دنیا کا سب سے بڑا بحری جہاز تیار

شائع June 27, 2023
— فوٹو: کمپنی
— فوٹو: کمپنی

اگرچہ دنیا میں ماضی میں 1187 فٹ لمبے بحری جہاز بنائے جا چکے ہیں، تاہم اب پہلی بار ریکارڈ 1200 فٹ لمبا بحری جہاز تیار کرلیا گیا، جس کی پہلی کامیاب آزمائشی سواری بھی کرلی گئی۔

امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے مطابق بحری جہاز بنانے والی کمپنی ’رائل کیریبیئن انٹرنیشنلز آئیکون‘ کی جانب سے اب دنیا کا سب سے بڑا بحری جہاز تیار کرلیا گیا، جس میں سفر کو خوبصورت اور یادگار بنانے کے لیے تمام تر سہولیات دستیاب ہوں گی۔

دنیا کے سب سے بڑے بحری جہاز کو ’آئیکون آف دی سیز‘ کا نام دیا گیا ہے جو مجموعی طور پر 1200 فٹ لمبا اور 165 فٹ تک چوڑا ہے اور اس میں ایک ہزار کے قریب پرتعیش کمرے یا کیبن موجود ہیں۔

مذکورہ بحری جہاز میں 6 بڑے سوئمنگ پولز اور کھیلوں کے میدان بھی موجود ہیں جب کہ سوئمنگ پولز اور تفریحی میدانوں کو بچوں اور بالغوں کے لیے الگ الگ رکھا گیا ہے۔

’آئیکون آف دی سیز‘ میں کھانے پینے، شاپنگ کرنے، وقت گزارنے اور دیگر تفریح کے لیے 40 مختلف اقسام کے ہوٹل، بار اور فوڈ کیفیٹیریاز موجود ہیں۔

جہاز میں رات کے وقت تفریح کے لیے خصوصی لائٹس کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جب کہ جہاز میں کچھ ایسے مقامات بھی موجود ہیں جہاں شیشے کی دیواریں ہوں گی اور سمندر کے نظارے بھی دیکھنے کو ملیں گے۔

دنیا کے اس سب سے بڑے بحری جہاز میں 5 ہزار سے زائد مسافرین اور ڈھائی ہزار کے قریب عملے کے ارکان سوار ہوسکیں گے۔

’آئیکون آف دی سیز‘ کا وزن ڈھائی لاکھ ٹن سے زیادہ ہے اور اسے جدید ٹیکنالوجی کے تحت یورپ کے سب سے بڑے شپ یارڈ میں فن لینڈ میں تیار کیا گیا اور اس کی تیاری کے لیے 2600 مزدوروں نے روزانہ کی بنیاد پر خدمات سر انجام دیں۔

دنیا کے سب سے بڑے بحری جہاز میں بالغوں اور بچوں کے لیے الگ الگ خصوصی کیبنز ہونے سمیت فیملی کیبنز بھی الگ ہوں گے جب کہ دوستوں کے ہمراہ سفر کو انجوائے کرنے والوں کے لیے بھی الگ الگ کیبنز دستیاب ہوں گے۔

بحری جہاز میں سینما، جوا خانے، شراب خانے، ورزش کے لیے جم خانے، ہر طرح کے کھانوں کے ہوٹلز اور شاپنگ سینٹر بھی موجود ہوگا۔

’آئیکون آف دی سیز‘ کا پہلا آزمائشی سفر 22 جون کو کیا گیا، جب کہ اس کے دیگر آزمائشی سفر بھی 2023 کے اختتام تک کیے جائیں گے اور اسے 2024 میں سفر پر بھیجا جائے گا۔

اس جہاز کو کیریبیئن جہاز کے سمندری پانیوں میں چلایا جائے گا اور یہ جہاز امریکی ریاست الاسکا سے اپنا سفر شروع کرے گا اور مسافروں کو اپنی سہولت کے حساب سے سفری سہولیات فراہم کرے گا۔

یعنی مسافر اپنی مرضی کے مطابق انتہائی طویل یا مختصر سفر کرنے کے لیے آزاد ہوں گے، جہاز امریکا کی متعدد ریاستوں سمیت کیریبیئن جزائر پر مشتمل ممالک اور شہروں پر اپنا اسٹاپ کرے گا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال ہی اسی کمپنی نے دنیا کا سب سے بڑا بحری جہاز متعارف کرایا تھا جو 1187 فٹ لمبا اور 155 فٹ چوڑا تھا۔

’آئیکون آف دی سیز‘ ایک صدی قبل ڈوبنے والے جہاز ٹائٹینک سے بڑا ہے، ٹائٹینک کی لمبائی ایک ہزار فٹ سے کم تھی اور اس میں 2300 افراد کے سوا ہونے کی گنجائش تھی۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024