• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

خواہش ہے زیادہ بچے ہوں لیکن کتنے پیدا کرنے ہیں یہ اقرا عزیز بتا سکتی ہیں، یاسر حسین

شائع June 26, 2023
—فوٹو: گڈ مارننگ پاکستان، فیس بک
—فوٹو: گڈ مارننگ پاکستان، فیس بک

مقبول اداکار، لکھاری و ہدایت کار یاسر حسین نے کہا ہے کہ ان کی خواہش ہے کہ ان کے زیادہ سے زیادہ بچے ہوں لیکن وہ کتنے بچوں کے والد بن سکیں گے یہ فیصلہ ان کی اہلیہ اقرا عزیز کو کرنا ہے کیوں کہ پیدا انہوں نے کرنے ہیں۔

یاسر حسین حال ہی میں ندا یاسر کے مارننگ شو میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے خاندان کو بڑھانے سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔

اداکار نے کامیاب اور بہترین شادی شدہ زندگی گزارنے کے طریقے بھی بتائے اور مذاق میں کہا کہ پہلی شادی کی کامیابی کے لیے لازمی ہے کہ دوسری شادی کی جانی چاہئیے۔

اداکار نے بتایا کہ ان کے خیال میں کامیاب اور بہترین شادی شدہ زندگی کے لیے بچے کا ہونا لازمی ہے۔

انہوں نے دلیل دی کہ وہ اقرا عزیز کی عزت پہلے بھی کرتے تھے لیکن بچے کی پیدائش کے بعد وہ ان کی زیادہ عزت کرنے لگے ہیں اور ان سے زیادہ محبت کرنے لگے ہیں۔

ان کے مطابق انہیں یہ بات سمجھ نہیں آتی کہ جو شادی شدہ جوڑے بچے پیدا نہیں کرنا چاہتے تو ان کے درمیان کس طرح کے تعلقات ہوں گے؟

یاسر حسین کا کہنا تھا کہ جنہیں کوششوں کے باوجود اولاد نہیں ہوتی، ان کی کوئی غلطی نہیں ہے لیکن جو جوڑے جان بوجھ کر بچے پیدا نہیں کرتے، انہیں ان کے درمیان تعلقات اور محبت کی سمجھ نہیں آتی۔

انہوں نے کہا کہ بچے خدا کی رحمت ہوتے ہیں، جتنے زیادہ ہوں، اتنا اچھا ہوتا ہے۔

پروگرام کے ایک سیگمنٹ میں انہوں نے صبا قمر کو مشورہ دیتے ہوئے تجویز دی کہ انہیں ڈراموں میں اداکاری نہیں کرنی چاہئیے، وہ صرف فلموں اور ویب سیریز کے لیے کام کریں۔

ان کے مطابق انہیں لگتا ہے کہ صبا قمر جیسی اداکارہ پھر پاکستان کو ملے یا نہ ملے، اس لیے انہیں ڈراموں کے بجائے صرف فلموں میں کام کرنا چاہئیے۔

انہوں نے شہریار منور کو مشورہ دیا کہ وہ بھی سوچ سمجھ کر اچھے کردار ادا کریں، انہیں صرف ہیروز کے کرداروں کا انتخاب نہیں کرنا چاہئیے، وہ دوسرے کردار بھی ادا کریں۔

اسی طرح انہوں نے زارا نور عباس کو مشورہ دیا کہ وہ بھی سوچ سمجھ کر کرداروں کا انتخاب کریں، انہیں بھی اتنے زیادہ ڈرامے نہیں کرنے چاہئیے۔

بیٹے کے مستقبل کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر یاسر حسین نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ان کا بیٹا کبیر حسین بڑا بن کر اچھا انسان بنے۔

انہوں نے کہا کہ بطور والد ان کی یہ بھی خواہش ہے کہ ان کا بیٹا پاکستان کے لیے کسی بھی شعبے میں گولڈ میڈل لائے، وہ کسی طرح کے اسپورٹس میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ملک کا نام روشن کریں۔

یاسر حسین کے مطابق ان کی خواہش ہے کہ ان کا بیٹا اسپورٹس مین بنے، ساتھ ہی وہ چاہتے ہیں کہ وہ اچھے گلوکار بھی بنیں لیکن اگر وہ کچھ نہ بھی بن پائیں تو کوئی بات نہیں، وہ صرف اچھے انسان بن جائیں، یہی کافی ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہیں کم غصہ آتا ہے، ساتھ ہی کہا کہ ان کی اہلیہ اقرا عزیز کو غصہ آتا ہے لیکن انہیں بھی بہت زیادہ غصہ نہیں آتا۔

میزبان نے ان سے پوچھا کہ وہ خود 12 بہن اور بھائی تھے تو وہ خود اپنے کتنے بچے چاہتے ہیں؟

اس پر یاسر حسین نے جواب دیا کہ اس کا بہتر جواب اقرا عزیز دے سکتی ہیں، کیوں کہ بچے انہوں نے ہی پیدا کرنے ہیں، ایسے معاملات کا فیصلہ ایک ماں ہی بہتر انداز میں کر سکتی ہیں، کیوں کہ جسم ان کا ہوتا ہے۔

اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے یاسر حسین نے کہا کہ وہ تو چاہتے ہیں کہ ان کے زیادہ بچے ہوں لیکن کتنے پیدا کرنے ہیں، اس کا فیصلہ ان کے بچوں کی ماں یعنی اقرا عزیز ان کی اہلیہ کو کرنا ہے، کیوں کہ بچوں کی پیدائش انہوں ہی کرنی ہے۔

خیال رہے کہ یاسر حسین اور اقرا عزیز نے دسمبر 2019 میں شادی کی تھی، ان کے ہاں پہلے بیٹے کبیر حسین کی پیدائش جولائی 2021 میں ہوئی تھی۔

یاسر حسین پہلے بھی متعدد بار مزید چار سے پانچ بچوں کی پیدائش کی خواہش ظاہر کر چکے ہیں جب کہ وہ اپنے خاندان سے متعلق بتا چکے ہیں کہ وہ 12 بہن اور بھائی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024