• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

حریم شاہ سے دوستی اس وقت ہی ختم ہوگئی تھی جب ہم دبئی سے واپس آئے تھے، صندل خٹک

صندل خٹک نے کہا کہ جب بھی حریم  کسی کی ویڈیو لیک کرتی تھی تو میرا نام آتا تھا — فائل فوٹو: انسٹاگرام
صندل خٹک نے کہا کہ جب بھی حریم کسی کی ویڈیو لیک کرتی تھی تو میرا نام آتا تھا — فائل فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان کی نامور ٹک ٹاکر صندل خٹک کا کہنا ہے کہ ان کی حریم شاہ سے دوستی اسی وقت ختم ہوگئی تھی جب ہم دبئی سے واپس آئے تھے، کیونکہ حریم شاہ کے دبئی میں کافی مسائل تھے۔

یاد رہے کہ صندل خٹک کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اہلکاروں نے 12 جون کو اسلام آباد کی عدالت سے اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ قبل از گرفتاری کی ضمانت کروانے کے لیے وہاں پہنچی تھیں۔

بعد ازاں 20 جون کو ایف آئی اے کی خصوصی عدالت نے حریم شاہ کی نازیبا ویڈیو لیک کیس میں ٹک ٹاکر صندل خٹک کی درخواستِ ضمانت منظور کرلی تھی جس کے بعد انہیں رہا کردیا گیا تھا۔

گزشتہ روز (24 جون کو) ٹک ٹاکر صندل خٹک نے اسی حوالے سے پشاور پریس کلب میں اپنے وکیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔

صندل خٹک نے کہا کہ جو ویڈیو لیک ہوئی ہیں اس کا الزام مجھ پر لگایا جارہا ہے، مجھ پر لگائے تمام الزامات جھوٹے ہیں، اس حوالے سے عدالت کا کیس اور میڈیا پر کی جانے والی باتیں الگ الگ ہیں۔

ٹک ٹاکر نے کہا کہ حریم شاہ کی جانب سے میرے خلاف جو ایف آئی آر میں الزامات لگائے گئے وہ جھوٹے ہیں، ’میں بے گناہ ہوں‘۔

صندل نے بتایا کہ حریم شاہ دعویٰ کر رہی ہیں کہ میں نے ان سے معافی مانگی ہے ان کے والدین کے سامنے روئی ہوں، لیکن ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حریم نے میرے خلاف جو مقدمہ دائر کیا ہے اس میں لکھا ہے کہ میں نے ٹک ٹاک لائیو اسٹریم پر ان کے خلاف کچھ باتیں کی ہیں جبکہ وہ میڈیا کے سامنے بول رہی ہیں کہ میں نے ان کی ویڈیوز لیک کی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھ سے جب تفتیش کی گئی تو کچھ نہیں ملا جس پر مجھے ضمانت پر رہا کردیا گیا، میرے خلاف لگے تمام الزامات جھوٹے تھے۔

صندل خٹک نے کہا کہ ہماری دوستی اس وقت ہی ختم ہوگئی تھی جب ہم دبئی سے واپس آئے تھے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ دبئی میں بھی حریم کے کئی مسائل بنے تھے، جب بھی یہ کسی کی ویڈیو لیک کرتی تھی تو میرا نام آتا تھا، جس کی وجہ سے میں اور میری فیملی پریشان تھے اس لیے ہم دونوں نے اپنے راستے الگ کرلیے، میرا کوئی سیاسی پس منظر نہیں ہے، میں کسی چیز میں ملوث نہیں ہوں۔

ٹک ٹاکر کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے نے میرا موبائل اپنے پاس رکھا ہوا ہے، انہوں نے تفتیش کی ہے، میرے موبائل سے انہیں کچھ نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ میرا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں، میں نہ سیاست میں آنا چاہتی ہوں اور نہ سیاستدانوں کو جاننا چاہتی ہوں۔

صندل خٹک نے بتایا کہ ’میں جیل میں بہت اچھے حالات میں تھی، مہندی بھی لگا کر آئی ہوں۔‘

پس منظر

یاد رہے کہ حریم شاہ نے صندل خٹک کے خلاف مئی 2023 میں ایف آئی اے کے سائبر کرائم میں ’پریونشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ‘ کے تحت درخواست دائر کی تھی۔

حریم شاہ نے الزام عائد کیا تھا کہ صندل خٹک اور عائشہ ناز نے ان کی ذاتی ویڈیوز چرانے کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر وائرل کرکے انہیں بدنام کیا۔

حریم شاہ کی جانب سے ایف آئی اے میں درخواست دائر کیے جانے کے بعد ایک ہفتہ قبل صندل خٹک نے بھی پشاور کی ایک عدالت سے حریم شاہ کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے رجوع کیا تھا، مگر عدالت نے صندل خٹک کی درخواست مسترد کردی تھی۔

پشاور کی عدالت سے درخواست مسترد ہونے کے بعد صندل خٹک نے ایف آئی اے کی گرفتاری سے بچنے کے لیے 12 جون کو اسلام آباد کی عدالت میں قبل از وقت ضمانت کی درخواست دائر کی تھی، جسے عدالت نے مسترد کردیا تھا۔

ضمانت درخواست مسترد ہونے کے بعد ایف آئی اے نے صندل خٹک کو گرفتار کرلیا تھا اور انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا تاہم 20 جون کو انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ حریم شاہ کی متعدد ویڈیوز رواں برس 27 فروری کے بعد انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی تھیں، جن میں انہیں بیڈ روم اور واش روم میں قابل اعتراض حالت میں دیکھا گیا تھا۔

ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد یکم مارچ 2023 کو حریم شاہ نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی ذاتی ویڈیوز کو ان کی دوستوں ٹک ٹاکرز صندل خٹک اور عائشہ ناز نے وائرل کیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ماضی میں دونوں ٹک ٹاکرز انتہائی قریبی دوست رہی ہیں اور ان پر متعدد شخصیات کے ساتھ ویڈیوز بناکر انہیں بدنام کرنے کے الزامات بھی لگائے جاتے رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024