• KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

شانگلہ: وزیراعظم کے مشیر امیر مقام نے خود پر حملے کی کوشش ناکام بنادی

شائع June 24, 2023 اپ ڈیٹ June 25, 2023
فوٹو: عمر باچا
فوٹو: عمر باچا

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ انہوں نے خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں ’غیر مقامی مسلح افراد‘ کی جانب سے ممکنہ حملے کی کوشش کو ناکام بنادیا ہے۔

انجنیئر امیر مقام نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ مشتبہ افراد مارتونگ میں اسی جگہ ان پر حملہ کرنے کے لیے آئے تھے جہاں 2014 میں وہ دیسی ساختہ بم سے ہونے والے دھماکے میں بال بال بچ گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر ضلع بونیر کے سرحدی علاقے میں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایک جلسہ عام میں شرکت کرنے اور تحصیل مارتونگ میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی سینٹر کا افتتاح کرنے جا رہے تھے کہ انہوں نے اور ان کے ساتھ پارٹی کے مقامی رہنماؤں نے کچھ غیر مقامی مسلح افراد کو دیکھا جو وہاں تعینات تھے اور انہیں ’قتل‘ کرنے آئے تھے۔

انجنیئر امیر مقام نے کہا کہ وہ ممکنہ حملے کو روکنے میں کامیاب ہو گئے جہاں ان کے محافظوں نے وارننگ کے طور پر ہوائی فائرنگ کی۔

انہوں نے سیکیورٹی ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ سیکیورٹی کے معاملے کو ترجیح دیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ علاقے کو ایسے عناصر سے پاک رکھا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شانگلہ کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سجاد احمد صاحبزادہ اور ان کی پولیس ٹیم نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا تھا، جو مشتبہ افراد کی تلاش کے لیے تاحال جاری ہے۔

بعد ازاں امیر مقام جلسہ عام میں شرکت اور نادرا سنٹر کا افتتاح کرنے کے بعد بحفاظت اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ واپس پہنچ گئے۔

مارتونگ سٹیشن ہاؤس افسر بختی علیم نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ وہ ڈی پی او، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور دیگر حکام کے ساتھ جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور سرچ آپریشن میں حصہ لے رہے تھے۔

تاہم کالعدم تحریک طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

ادھر ‏وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے مشیر اور پاکستان مسلم لیگ(ن) خیبرپختونخوا کے رہنما انجینئر امیر مقام پر شانگلہ کے علاقے مارتونگ میں دہشت گردوں کے قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ انجینئر امیر مقام حملے میں محفوظ رہے۔

وزیراعظم نے امیر مقام کی خیریت دریافت کی اور یک جہتی کا اظہار کیا اور کوئی جانی نقصان نہ ہونے پر بھی اظہار تشکر کیا۔

وزیراعظم نے انجینئر امیر مقام کے جذبے، بہادری اور ثابت قدمی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نوازشریف کے شیر ہیں، آپ کی عوامی، قومی اور پارٹی کے لیے خدمات کو سراہتے ہیں۔

واضح رہے کہ 2014 میں بھی اسی جگہ پر امیر مقام پر خود کش حملہ ہوا تھا۔

وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے امیر مقام پر حملے کی کوشش کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سنیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے وزیراعظم کے مشیر اور پارٹی کے خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام کو ٹیلی فون کرکے خیریت دریافت کی۔

مریم نواز نے امیر مقام پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024