• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

شوبز میں آنے سے قبل ایئرہوسٹس تھی، شگفتہ اعجاز

شائع June 24, 2023
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

سینیئر اور مقبول اداکارہ شگفتہ اعجاز نے انکشاف کیا ہے کہ وہ شوبز میں مکمل طور پر آنے سے قبل انٹرنیشنل ایئرلائنز میں ایئرہوسٹس تھیں۔

شگفتہ اعجاز نے 1989 میں پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے مقبول ترین ڈراموں میں شمار ہونے والے ’جانگلوس‘ سے اداکاری کا آغاز کیا تھا۔

شگفتہ اعجاز 18 برس کی عمر میں شوبز میں آئی تھیں جب کہ انہوں نے دوسرا ڈراما 1991 میں ’آنچ‘ کیا، جس نے انہیں مقبولیت کی نئی بلندیوں پر پہنچایا۔

شگفتہ اعجاز گزشتہ تین دہائیوں میں درجنوں ڈراموں میں کام کر چکی ہیں اور انہوں نے متعدد ایوارڈز بھی جیت رکھے ہیں۔

حال ہی میں وہ جیو کے شو ’ہنسنا منع ہے‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر باتیں کیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے شوبز انڈسٹری کو بہت ہی خوبصورت اور اچھی انڈسٹری قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف اپنی بیٹیوں بلکہ دوسری لڑکیوں کو بھی تجویز دیں گی کہ وہ لازمی طور پر اس انڈسٹری میں آئیں۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح انہوں نے ’آنچ‘ جیسے ڈراموں میں منفرد کردار ادا کرکے نہ صرف اپنی عزت بنائی بلکہ والدین کی عزت بھی بنائی، دوسری لڑکیاں بھی اس طرح منظم منصوبہ بندی اور اپنی حدود کا تعین کرکے شوبز انڈسٹری کا حصہ بنیں اور وہ ایسے کردار ادا کریں جس پر ان کے والدین بھی فخر کریں۔

اداکارہ نے ایک اور سوال کے جواب میں واضح کیا کہ انہوں نے آج تک کسی فلم میں کام نہیں کیا، ان سے متعلق انٹرنیٹ پر غلط معلومات دستیاب ہے۔

انہوں نے اپنی عمر پر بھی وضاحت کی اور کہا کہ وہ 52 سال کی ہو چکی ہیں اور وکی پیڈیا پر ان کی عمر غلط لکھی ہوئی ہے۔

شگفتہ اعجاز نے شکوہ کیا کہ ٹی وی پر ماضی میں انہیں اس طرح دکھایا جاتا تھا کہ وہ زائد العمر لگتی تھیں اور اس وقت انہیں اس بات پر غصہ آتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ممکنہ طور پر انہیں کم عمری میں اچھے اور ماں بننے کے کرداروں کی وجہ سے زائد العمر دکھایا جاتا تھا اور وہ کیمرے میں 18 سال کی عمر میں بھی 25 سال کی لگتی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ 2003جب میں ان کے پروڈیوس کردہ ڈرامے ’راکھ میں چنگاری‘ نے پی ٹی وی کا فرسٹ ایوارڈ جیتا، اس وقت وہ انتہائی مالی مشکلات سے گزر رہی تھیں لیکن ایوارڈ جیتنے کے بعد ان کی زندگی ہی بدل گئی۔

شگفتہ اعجاز نے بتایا کہ مذکورہ ڈرامے کا اسکرپٹ انہوں نے 1990 میں نورالہدیٰ شاہ سے لکھوایا تھا اور فیصلہ کیا تھا کہ وہ خود ہی اسے پروڈیوس کریں گی اور 13 سال بعد انہوں نے ڈراما بنایا۔

اداکارہ نے بتایا کہ اگرچہ انہیں اپنے پہلے ہی ڈرامے ’جانگلوس‘ سے ہی شہرت مل گئی تھی، تاہم انہیں زیادہ پذیرائی آنچ سے ملی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’آنچ‘ میں رحم دل سوتیلی ماں کا کردار ادا کرنے کے بعد انہیں درجنوں افراد نے کہا کہ ان کے مذکورہ ڈرامے کی وجہ سے ان کا گھر ٹوٹتے ٹوٹتے بچا۔

اداکارہ کے مطابق خواتین سمیت مرد حضرات نے بھی ان کے کردار کی تعریفیں کیں اور انہیں فخر اور خوشی ہوئی کہ ان کے کردار کی وجہ سے معاشرے میں تبدیلی آئی اور لوگوں کے گھر بچ گئے۔

ایک سوال کے جواب میں شگفتہ اعجاز نے واضح کیا کہ انہوں نے ’جانگلوس‘ ڈرامے کے بعد انٹرنیشنل ایئرلائنز میں ایئرہوسٹس کی ملازمت شروع کی لیکن جلد ہی انہوں نے مذکورہ ملازمت چھوڑ کر اداکاری شروع کردی۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت پی ٹی وی میں اگر کسی شخص کی جھلک بھی نظر آجاتی تھی یا کوئی لاش کا بھی کردار ادا کرتا تھا تو وہ مشہور ہوجاتا تھا، اس لیے ان کے جانگلوس کے کردار کی وجہ سے وہ مشہور ہوگئی تھیں اور ایئرہوسٹس کی ملازمت کے دوران لوگ انہیں پہچان جاتے تھے۔

ان کے مطابق لوگوں کی تعریفوں کے بعد ہی انہوں نے ایئرہوسٹس کی ملازمت چھوڑ کر اداکاری شروع کرنے کا فیصلہ کیا لیکن شروع میں گھر والے راضی نہیں ہو رہے تھے، کیوں کہ اس وقت اداکاری میں اتنے زیادہ پیسے نہیں ملتے تھے۔

شگفتہ اعجاز نے انکشاف کیا کہ اس زمانے میں ان کے ہفتے کی کمائی 2100 روپے ہوتی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ گھر سے اداکاری کی اجازت لینے کے لیے انہوں نے بھوک ہڑتال کردی تھی،جس پر والدین رضامند ہوگئے اور انہیں شوبز میں آنے کی اجازت دی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024