• KHI: Maghrib 5:51pm Isha 7:12pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:06pm Isha 6:35pm
  • KHI: Maghrib 5:51pm Isha 7:12pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:06pm Isha 6:35pm

ملک میں شدید گرمی کی لہر، مظفر گڑھ میں خواتین اور بٹگرام میں 9 طلبہ بے ہوش

شائع June 23, 2023
ایک ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں ایس ایچ او خاتون کو پنکھا جھل رہے ہیں—فوٹو:محمد علی
ایک ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں ایس ایچ او خاتون کو پنکھا جھل رہے ہیں—فوٹو:محمد علی
خواتین میں سے ایک نےبتایا اسے 9 ہزار کے بجائے 8ہزار 500 روپے دیے گئے—فوٹو:محمد علی
خواتین میں سے ایک نےبتایا اسے 9 ہزار کے بجائے 8ہزار 500 روپے دیے گئے—فوٹو:محمد علی
ایک خاتون نے کہا کہ دیگر خواتین کے ساتھ اس کی  تذلیل کی گئی اور حکام نے ان کے تحفظات نہیں سنے—فوٹو:محمد علی
ایک خاتون نے کہا کہ دیگر خواتین کے ساتھ اس کی تذلیل کی گئی اور حکام نے ان کے تحفظات نہیں سنے—فوٹو:محمد علی

ملک کے مختلف علاقوں میں گرمی کی شدید لہر جاری ہے جب کہ پنجاب کے شہر مظفر گڑھ میں شدید گرمی کے باعث کئی خواتین بیہوش ہو گئیں اور خیبر پختونخواہ کے ایک اسکول کے 9 طلبہ کی حالت بھی غیر ہوگئی۔

سٹی اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) صابر کلاسرا نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ وہ معمول کے مطابق مختلف مقامات کا دورہ کر رہے تھے جب انہوں نے دیکھا کہ ایک سرکاری ایلیمنٹری اسکول میں قائم ڈسٹری بیوشن سینٹر میں چند خواتین بیہوش ہو گئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کے بعد انہوں نے خواتین کو طبی امداد فراہم کرنے کا کہا، ایک ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں ایس ایچ او کو دیکھا گیا کہ وہ گرمی کے باعث گرنے والی ایک خاتون کو پنکھا جھل رہے ہیں۔

فوٹو:محمد علی
فوٹو:محمد علی

موسمیاتی صورتحال سے با خبر رکھنے والی ویب سائٹ اکو ویدرڈاٹ کام کے مطابق تقریباً 11 بج کر 45 منٹ پر شہر کا درجہ حرارت 38 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت تقسیم کی جانے والی امداد کے حصول کے لیے قطار میں کھڑی خواتین نے ڈسٹری بیوشن مرکز میں بدانتظامی اور فنڈز میں سے مبینہ کٹوتی سے متعلق شکایات کیں۔

ان خواتین میں سے ایک نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ اسے 9 ہزار روپے ادا کیے جانے تھے لیکن اس کے بجائے اسے 8ہزار 500 روپے دیے گئے۔

فوٹو:محمد علی
فوٹو:محمد علی

خاتون نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اسے دھمکی دی گئی کہ اگر اس نے اس بارے میں کسی سے شکایت کسی سے کی تو اس کا بینظیر انکم سپورٹ کارڈ بلاک کر دیا جائے گا۔

ایک اور خاتون نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دیگر خواتین کے ساتھ اس کی تذلیل کی گئی اور حکام نے ان کے تحفظات نہیں سنے۔

سامنے آنے والی ویڈیوز میں دو درجن سے زائد افراد کو دیکھا گیا جن میں زیادہ تر خواتین ڈسٹری بیوشن سینٹر میں جمع تھے۔

فوٹو:محمد علی
فوٹو:محمد علی

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ سلیمان لودھی نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈسٹرکٹ منیجر محمد فیاض اور سٹی اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ ڈسٹری بیوشن سینٹر میں لوگوں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کریں۔

حکام کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے فنڈز میں غبن کرنے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف مقدمات درج کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔

بی آئی ایس پی کے حکام راشد ظفر اور رحیم علی کے ذریعے 19 اور 20 جون کو دو ایف آئی آر درج کی گئی ہیں جن میں 10 سے زیادہ ’ریٹیلرز اور آپریٹرز‘ کو دھوکا دینے اور خواتین سے فنڈ کی رقم ہڑپنے میں ملوث ہونے پر نامزد کیا گیا۔

خیبر پختونخوا کے ضلع بٹگرام میں 9 طلبا بیہوش

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع بٹگرام کے ایک سرکاری ہائی اسکول کے نو طالب علم شدید گرمی کی وجہ سے بے ہوش ہوگئے۔

ایک اسکول ٹیچر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ صبح ساڑھے آٹھ بجے جب صبح کی اسمبلی ختم ہونے والی تھی تو چند طلبا زمین پر گرنے لگے جس کے بعد اساتذہ نے انہیں سائیڈ پر لے جاکر فرش پرلٹا دیا۔

ٹیچر نے مزید کہا کہ اساتذہ نے بیہوش طلبا کے سروں پر پانی ڈالا جس کے بعد انہیں ہوش آیا۔

استاد نے مزید کہا کہ صبح کی اسمبلی کھلے آسمان تلے چلچلاتی دھوپ میں منعقد کی جا رہی تھی جس کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔

اس کے بعد متاثرہ طلبا کو فوری طور پر بٹگرام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لے جایا گیا جہاں سے ان کے والدین طبی معائنہ کے بعد انہیں گھر لے گئے۔

رابطہ کرنے پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر حافظ محمد نواز نے واقعے کی تصدیق کی اور کہا کہ طلبا کی حالت اب ٹھیک ہے اور انہیں گھر روانہ کیا جاچکا ہے۔

پاکستانی محکمہ موسیات کی جانب سے آج جاری کردہ موسم کی پیش گوئی میں کہا گیا بالائی، وسطی پنجاب، اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں درجہ حرارت معمول سے 4-6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے لیے جاری پیشگوئی میں شہریوں کو خبردار کیا گیا صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم انتہائی گرم اور مرطوب رہے گا جب کہ دوپہر کے اوقات میں پشاور، مردان، بنوں، کرک، لکی مروت، کوہاٹ، ڈی آئی خان اور گردونواح میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

اکو ویدر ڈاٹ کام ویب سائٹ کے مطابق بٹگرام میں صبح کا درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ دوپہر کے بعد یہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک میں گرمی کی شدید لہر کے حوالے سے الرٹ جاری کیا تھا۔

اس سے قبل محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے ملک کے بیشتر حصوں میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں بتدریج اضافے کے ساتھ ساتھ ہیٹ ویو جیسی صورتحال پیدا ہونے کی پیش گوئی کی تھی۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا تھا کہ بالائی فضا میں زیادہ دباؤ کی موجودگی کی وجہ سے 20 جون سے 24 جون تک ملک کے بیشتر حصوں میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔

بیان کے مطابق بالائی اور وسطی پنجاب، اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں دن کے اوقات کا درجہ حرارت معمول سے چار سے چھ ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ہے۔

جاری ایڈوائزری کے مطابق اس دوران سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے کچھ حصوں میں پارہ معمول سے دو سے چار ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ اس دوران ملک کے میدانی علاقوں اور پہاڑی علاقوں میں مختلف مقامات پر گردوغبار اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

بیان میں خبردار کیا گیا کہ درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے آنے والے دنوں میں بجلی اور پانی کی طلب میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے کسانوں کو بھی تجویز کیا کہ وہ گرمی کی بڑھتی شدت کے مطابق فصلوں کے لیے پانی کا انتظام کریں۔

اس میں ایڈوائزری میں عوام الناس کو مشورہ دیا گیا کہ وہ غیر ضروری طور پر براہ راست سورج کی تپش میں جانے اور اس کا سامنا کرنے سے گریز کریں اور مناسب مقدار میں پانی کا استعمال کریں۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024