• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں، دفتر خارجہ

شائع June 23, 2023
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف ہے کہ سیاست کو کھیلوں کے ساتھ نہیں ملانا چاہیے — فائل فوٹو: اے ایف پی
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف ہے کہ سیاست کو کھیلوں کے ساتھ نہیں ملانا چاہیے — فائل فوٹو: اے ایف پی

وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ رواں برس بھارت میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔

وزارت خارجہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں حریف پڑوسی ممالک کے درمیان خراب سیاسی تعلقات کی وجہ سے دوطرفہ کرکٹ طویل عرصے سے معطل ہے۔

دونوں ممالک نے گزشتہ دہائی کے دوران نیوٹرل مقامات پر صرف ملٹی ٹیم ایونٹس میں ہی ایک دوسرے کے خلاف کرکٹ کھیلی ہے اور اکتوبر-نومبر میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کی شمولیت پر تاحال شک کے بادل چھائے ہوئے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ ماہ گوا میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کی تھی، وہ گزشتہ 9 برسوں میں بھارت کا دورہ کرنے والے پہلے سینئر پاکستانی لیڈر ہیں۔

ترجمان وزارت خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف ہے کہ سیاست کو کھیلوں کے ساتھ نہیں ملانا چاہیے، بھارت کی پاکستان میں کرکٹ نہ کھیلنے کی پالیسی مایوس کن ہے۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے گزشتہ روز کہا کہ ہم ورلڈ کپ میں اپنی شرکت سے متعلق تمام پہلوؤں کا مشاہدہ اور جائزہ لے رہے ہیں جس میں پاکستانی کرکٹرز کی سیکیورٹی کی صورتحال بھی شامل ہے، ہم وقت آنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو اپنی رائے سے آگاہ کردیں گے۔

پاکستان کی شرکت بےیقینی ہونے کا مطلب یہ ہے کہ ورلڈ کپ کی تاریخوں اور مقامات طے ہونے کا مرحلہ ابھی باقی ہے حالانکہ ٹورنامنٹ شروع ہونے میں صرف 3 ماہ رہ گئے ہیں۔

بھارت پہلے ہی 31 اگست سے شروع ہونے والے ایشیا کپ کے لیے پاکستان آنے سے انکار کر چکا ہے، اس کے جواب میں پاکستان کی جانب سے متنبہ کیا جاچکا ہے کہ اگر پاکستان ایشیا کپ کی میزبانی کے حقوق سے محروم ہوا تو وہ ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کر دے گا۔

درمیانی راہ نکالنے کے لیے ایشین کرکٹ کونسل نے کہا کہ ایشیا کپ کی میزبانی ایک ’ہائبرڈ ماڈل‘ کے تحت کی جائے گی جس میں 4 میچز پاکستان میں ہوں گے اور بقیہ 9 میچز سری لنکا میں ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024