• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

شہریوں کی سہولت کے لیے پیپلز بس سروس کی ایپ متعارف

شائع June 22, 2023
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

حکومت سندھ کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے شہریوں کی سہولت کے لیے ’پیپلز بس سروس‘ ایپلی کیشن متعارف کرادی۔

حکومت سندھ نے پیپلز بس سروس کا آغاز جون 2022 میں کیا تھا اور ابتدائی طور پر اسے صرف دارالحکومت کراچی تک محدود رکھا گیا تھا۔

بعد ازاں پیپلز بس سروس کے کراچی میں روٹس کو بڑھانے کے علاوہ اسے صوبے کے دوسرے شہروں حیدرآباد، لاڑکانہ اور سکھر میں بھی متعارف کرایا گیا تھا۔

محض ایک سال میں سندھ حکومت نے پیپلز بس سروس کے روٹس میں نہ صرف اضافہ کیا بلکہ اس کی سروس دیگر شہروں میں بھی متعارف کرائی اور بعد ازاں کراچی میں خواتین کے لیے خصوصی پنک پیپلز بسیں بھی چلائی گئیں۔

علاوہ ازیں حکومت نے کراچی میں الیکٹرک بس سروس کے خصوصی روٹس بھی شروع کیے اور حال ہی میں بجٹ میں حکومت نے پیپلز بس سروس کو بڑھانے کے لیے اربوں روپے کے فنڈز بھی مختص کیے تھے۔

اور اب شہریوں کی سہولت کے لیے پیپلز بس سروس کی ایپلی کیشن متعارف کرادی گئی۔

ایپلی کیشن کو 22 جون کو متعارف کرایا گیا اور اس ضمن میں کراچی میں ایک تقریب بھی منعقد کی گئی، جس میں وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے ایپ کی خصوصیات سے متعلق آگاہ کیا۔

مذکورہ ایپلی کیشن کو صارفین گوگل پلے اسٹور سے مفت میں ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔

ایپلی کیشن کے ذریعے صارفین پیپلز بس کے روٹس اور لوکیشن کو بھی دیکھ سکیں گے، یعنی لوگ ایپ کے ذریعے معلوم کر سکیں گے کہ ان کے مطلوبہ روٹس پر چلنے والی بس ان کے اسٹاپ پر کب تک پہنچے گی۔

علاوہ ازیں ایپلی کیشن کے ذریعے صارفین آن لائن بکنگ بھی کروا سکیں گے اور اسی کے ذریعے آن لائن ٹکٹ کی ادائیگی بھی کی جا سکے گی۔

ایپلی کیشن کے ذریعے مسافر بس سروس سے متعلق شکایات کا اندراج بھی کر سکیں گے۔

حکومت نے جہاں ایپلی کیشن کو متعارف کرایا ہے، وہیں بسز میں سیکیورٹی سسٹم کو بھی مزید بڑھادیا گیا، اب بسز میں سی سی ٹی وی کیمرا بھی نصب کردیے گئے ہیں، جس سے بسز کی درست انداز میں مانیٹرنگ کی جا سکے گی۔

پیپلز بسز میں صارفین کو انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے وائی فائی سسٹم بھی نصب کردیے گئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024