• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

فرانس: پیرس میں دھماکا، 16 افراد زخمی

شائع June 21, 2023
واقعے کے بعد ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے 200 سے زائد فائر فائٹرز شریک تھے—فوٹو:رائٹرز
واقعے کے بعد ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے 200 سے زائد فائر فائٹرز شریک تھے—فوٹو:رائٹرز

فرانس کے شہر پیرس کے وسط میں واقع مصروف لاطینی کوارٹر کی ایک گلی میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں غیر ملکی طلبا میں مقبول ڈیزائن اسکول کا اگلا حصہ منہدم ہو گیا، کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز ’ کی خبر کے مطابق پولیس نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 16 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 7 کی حالت تشویشناک ہے۔

پیرس کے پراسیکیوٹر کے دفتر نے کہا کہ دھماکے کی وجہ کے بارے میں ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔

لیکن مقامی ڈپٹی میئر نے ٹوئٹر پر جاری ایک پوسٹ میں گیس دھماکے کا حوالہ دیا۔

عینی شاہدین نے بی ایف ایم ٹی وی ٹی وی کو بتایا کہ دھماکے سے چند لمحوں قبل گیس کی شدید بو آ رہی تھی۔

ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی فوٹیج میں پیرس امریکن اکیڈمی کا ملبہ اور کم از کم دو قریبی جلتی ہوئی عمارتوں سے اٹھتا ہوا دھواں دکھایا گیا۔

دھماکا مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجکر 55 منٹ پر پر اس وقت ہوا جب لوگ کاموں سے فارغ ہوکر اپنے گھروں کی جانب جا رہے تھے۔

واقعے کے بعد ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے 200 سے زائد فائر فائٹرز شریک تھے، ٹیلی ویژن پر نشر فوٹیج میں آگ بجھانے والے عملے کو آگ پر پانی پھینکتے ہوئے دکھایا گیا جب کہ دھواں اٹھتا نظر آ رہا تھا۔

پیرس پولیس کے سربراہ نے بعد میں کہا کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔

جس علاقے میں یہ حادثہ پیش آیا وہ عام طور پر موسم گرما کے اوائل میں سیاحوں اور غیر ملکی طلبا سے بھرا ہوتا ہے۔

2019 میں گیس کے اخراج کی وجہ سے ایک دھماکا ہوا تھا جس میں 4 افراد ہلاک اور 66 زخمی ہوئے، اپریل 2019 میں ’نوٹرے ڈیم گرجا گھر میں آگ لگ گئی تھی جس سے چھت کا زیادہ تر حصہ تباہ ہو گیا تھا اور دیگر حصوں کو نقصان پہنچا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024