• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

حریم شاہ نازیبا ویڈیو کیس: ٹک ٹاکر صندل خٹک کی درخواستِ ضمانت منظور

شائع June 21, 2023

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی خصوصی عدالت نے ٹک ٹاکر حریم شاہ کی نازیبا ویڈیو لیک کیس میں ٹک ٹاکر صندل خٹک کی درخواستِ ضمانت منظور کرلی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق صندل خٹک کو ایف آئی اے کے اہلکاروں نے 12 جون کو اسلام آباد کی عدالت سے اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ قبل از گرفتاری کی ضمانت کروانے کے لیے وہاں پہنچی تھیں۔

جج اعظم خان نے دلائل سننے کے بعد ملزمہ صندل خٹک کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی، جس کے بعد ایف آئی اے نے انہیں حراست میں لے لیا تھا۔

گزشتہ روز (20 جون) کو خصوصی عدالت میں ایک بار پھر سماعت ہوئی، سماعت کے دوران صندل خٹک کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے ٹک ٹاکر کو کیس کی انکوائری یا تفتیش کے حوالے سے نوٹس جاری نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ صندل خٹک نے لائیو اسٹریمنگ شئیر کی تھی، ریکارڈنگ نہیں کی، تحقیقاتی ایجنسی کو صندل خٹک کے موبائل سے کوئی ثبوت نہیں ملا۔

وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ حریم شاہ کی جب ویڈیوز بنائی گئیں تو تب وہ ہنس رہی تھیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ویڈیوز ان کی رضامندی سے بنائی گئیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ صندل خٹک نے اپنا موبائل تفتیشی ٹیم کے حوالے کر دیا ہے جبکہ حریم شاہ نے ابھی تک اپنا موبائل تفتیش کاروں کے حوالے نہیں کیا۔

سماعت مکمل ہونے کے بعد جج اعظم خان نے صندل خٹک کی ضمانت منظور کر لی۔

مقدمے کا پس منظر

یاد رہے کہ حریم شاہ نے صندل خٹک کے خلاف گزشتہ ماہ مئی میں ایف آئی اے کے سائبر کرائم میں ’پریونشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ‘ کے تحت درخواست دائر کی تھی۔

حریم شاہ نے الزام عائد کیا تھا کہ صندل خٹک اور عائشہ ناز نے ان کی ذاتی ویڈیوز چرانے کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر وائرل کرکے انہیں بدنام کیا۔

حریم شاہ کی جانب سے ایف آئی اے میں درخواست دائر کیے جانے کے بعد ایک ہفتہ قبل صندل خٹک نے بھی پشاور کی ایک عدالت سے حریم شاہ کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے رجوع کیا تھا، مگر عدالت نے صندل خٹک کی درخواست مسترد کردی تھی۔

پشاور کی عدالت سے درخواست مسترد ہونے کے بعد صندل خٹک نے ایف آئی اے کی گرفتاری سے بچنے کے لیے 12 جون کو اسلام آباد کی عدالت میں قبل از وقت ضمانت کی درخواست دائر کی تھی، جسے عدالت نے مسترد کردیا تھا۔

ضمانت درخواست مسترد ہونے کے بعد ایف آئی اے نے صندل خٹک کو گرفتار کرلیا تھا اور انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ حریم شاہ کی متعدد ویڈیوز رواں برس 27 فروری کے بعد انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی تھیں، جن میں انہیں بیڈ روم اور واش روم میں قابل اعتراض حالت میں دیکھا گیا تھا۔

ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد یکم مارچ 2023 کو حریم شاہ نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی ذاتی ویڈیوز کو ان کی دوستوں ٹک ٹاکرز صندل خٹک اور عائشہ ناز نے وائرل کیا۔

بعد ازاں صندل خٹک نے حریم شاہ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ٹک ٹاکر نے اپنی ویڈیوز شہرت کے لیے خود وائرل کیں، تاہم حریم شاہ نے ان کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے ان کے خلاف ایف آئی اے میں درخواست دے دی تھی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ماضی میں دونوں ٹک ٹاکرز انتہائی قریبی دوست رہی ہیں اور ان پر متعدد شخصیات کے ساتھ ویڈیوز بناکر انہیں بدنام کرنے کے الزامات بھی لگائے جاتے رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024