• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

آڈیشن دینے گئی تو پروڈیوسر سے پیار ہوگیا، پھر شادی کرلی، سارہ عمیر

شائع June 20, 2023
— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

ماضی کی مقبول اداکارہ سارہ عمیر نے کہا ہے کہ اداکاری کے شوق میں جب وہ آڈیشن دینے گئی تو انہیں پہلی ہی نظر میں پروڈیوسر سے پیار ہوگیا، جن سے بعد میں شادی کرلی۔

سارہ عمیر گزشتہ چند سال سے اسکرین سے دور ہیں، ان کے مشہور ڈراموں میں ’مائی نی، تھوڑا سا آسمان اور روگ‘ سمیت دیگر شامل ہیں۔

انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے، انہوں نے انتہائی کم عمری سے اداکاری کا آغاز کیا تھا لیکن شادی کے بعد وہ اسکرین سے دور دکھائی دیں۔

کئی سال تک اسکرین سے غائب رہنے کے بعد حال ہی میں وہ 8 سال بعد کسی بھی ٹی وی پروگرام میں پہلی بار شریک ہوئیں، انہوں نے مدیحہ نقوی کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز انڈسٹری سے دوری پر کھل کر وضاحت کی۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں کھانا بنانا نہیں آتا تھا، اس لیے شادی کے بعد انہوں نے شوہر کے لیے گھرداری سیکھی، انہوں نے تمام چیزیں سیکھنے کے بعد جیسے ہی شوبز میں واپسی کا ارادہ کیا تو وہ اُمید سے ہوگئیں اور انہوں نے اداکاری کو عارضی طور پر خیرباد کہا۔

اداکارہ نے بتایا کہ شوہر نے انہیں کبھی اداکاری سے منع نہیں کیا لیکن انہوں نے خود اپنی مرضی سے اداکاری سے وقفہ لیا، کیوں کہ انہوں نے 17 سال کی عمر سے لے کر 29 سال تک مسلسل کام کیا تھا۔

سارہ عمیر کے مطابق جیسے ہی ان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی اور وہ بڑا ہوا تو انہوں نے ایک بار پھر شوبز میں واپسی کا ارادہ کیا لیکن دوسری بار بھی وہ اُمید سے ہوگئیں تو انہوں نے شوبز میں آنے کا ارادہ مؤخر کرلیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب دونوں بچے بڑے ہوگئے تو انہوں نے تیسری بار شوبز میں آنے کا ارادہ کیے بغیر ہی ڈرامے میں اداکاری کا معاہدہ کیا اور کئی سال بعد انہوں نے شوبز میں واپسی کی اور جلد ہی ان کا ڈراما نشر ہوگا۔

سارہ عمیر نے بتایا کہ انہیں شوہر نے کبھی شوبز سے دور رہنے کا مشورہ نہیں دیا اور یہ کہ انہیں اندازہ تھا کہ ان کے مداح ان کی غیر موجودگی میں ان کے لیے پریشان ہوں گے، لیکن انہیں کبھی ایسا موقع ہی نہیں ملا کہ وہ مداحوں کو شوبز سے دوری کا سبب بتاتیں۔

شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ جب وہ 17 برس کی عمر میں اپنا پہلا آڈیشن دینے کے لیے گئیں تو وہ پہلی ہی نظر میں اپنا دل پروڈیوسر محسن طلعت کو دے کر آگئیں۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ پروڈیوسر کو دیکھتے ہی انہیں ان سے پیار ہوگیا جب کہ پروڈیوسر کو بھی ان سے محبت ہوگئی اور دونوں نے پہلی ہی نظر میں ایک دوسرے کو پسند کرلیا۔

انہوں نے بتایا کہ جب ان کے تعلقات محسن طلعت کے ساتھ استوار ہوئے اس وقت ان کی عمر 17 سال تھی اور اب وہ 35 برس کی ہوچکی ہیں تو محسن 45 سال کے ہوچکے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے رومانوی انداز میں کہا کہ محسن طلعت میں کوئی ایسی بات نہیں جسے نظر انداز کیا جائے، ان کی ہر بات ایسی ہے جس پر فدا ہوا جا سکتا ہے۔

انہوں نے شوہر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ محسن طلعت کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ وہ ہر عمر کے افراد سے ان کی سطح پر جاکر ان سے تعلقات استوار کرتے ہیں اور ان سے اسی انداز میں بات کرتے ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے مزاحیہ انداز میں شوہر محسن طلعت کو اپنا سب سے بڑا بیٹا قرار دیا۔

سارہ عمیر نے بچوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ان کے بڑے بیٹے کا نام ’محسن طلعت‘ ہے۔

اسی طرح انہوں نے بتایا کہ ان کے دو بیٹے ہیں، جس میں سے بڑے بیٹے کا نام ’محمد زبیر بن محسن‘ جب کہ چھوٹے بیٹے کا نام ’محمد زوہان بن محسن‘ ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024