• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کردیا

شائع June 20, 2023
الیکشن کمیشن کا اجلاس سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں ہوا—فائل فوٹو: ای سی پی فیس بک
الیکشن کمیشن کا اجلاس سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں ہوا—فائل فوٹو: ای سی پی فیس بک

قومی اسمبلی کے ساتھ ساتھ سندھ اور بلوچستان اسمبلیوں کی مدت دو ماہ سے بھی کم عرصے میں ختم ہونے والی ہے، ایسے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے بڑی انتخابی مشق کے انتظامات کرنے کے لیے انتخابی تیاریاں شروع کردی ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت ای سی پی کا اجلاس ہوا جس میں کمیشن کے سیکریٹری عمر حامد خان نے آئندہ عام انتخابات کے لیے اب تک کیے گئے اقدامات اور انتظامات پر بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ ضروری انتخابی مواد اور بیلٹ پیپرز کے کاغذ کی خریداری مکمل کر لی گئی ہے اور اس کے محفوظ ذخیرہ کو یقینی بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح پولنگ اسٹیشنز کی فہرست کا مسودہ بھی تیار کر لیا گیا ہے جو نوٹیفکیشن کے فوراً بعد ریٹرننگ افسران کے حوالے کر دیا جائے گا تاکہ وہ اسے ابتدائی طور پر شائع کر سکیں۔

جس کے بعد ووٹرز کے اعتراضات اور تجاویز سننے کے بعد الیکشن کمیشن قانون کے مطابق اس کی حتمی اشاعت کو یقینی بنائے گا۔

قانون کے مطابق ووٹرز کے اندراج، اخراج اور تصدیق کی آخری تاریخ 13 جولائی ہے۔

اس مقصد کے لیے ای سی پی نے آگاہی مہم شروع کی ہے اور وہ انتخابی فہرستوں کی چھپائی اور تقسیم کے لیے نادرا سمیت تمام اداروں سے رابطے میں ہے۔

ای سی پی کو پنجاب اور کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

کمیشن کو بتایا گیا کہ بلوچستان حکومت کو بلوچستان ہائی کورٹ کے 23 دسمبر 2022 کے حکم نامے کے تحت ایک نوٹیفکیشن جاری کرنا ہے جس کے تحت ای سی پی کو کوئٹہ کے ٹاؤنز کی تعداد، نشستوں کی تعداد اور دیگر اعداد و شمار/معلومات فراہم کرنی ہیں تاکہ ای سی پی حلقہ بندی پر کام شروع کر سکے۔

کمیشن کو بتایا گیا کہ پنجاب میں انتخابی گروپوں کی رجسٹریشن 17 جولائی کو مکمل ہو جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024