• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

پاکستان میں ذی الحج کا چاند نظر آگیا، عید الاضحیٰ 29 جون کو منائی جائے گی

شائع June 19, 2023
چاند نظر آنے کا اعلان چئیرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد ابوالخیر آزاد نے پریس کانفرنس کے دوران کیا —فوٹو: ڈان نیوز
چاند نظر آنے کا اعلان چئیرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد ابوالخیر آزاد نے پریس کانفرنس کے دوران کیا —فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان میں ذی الحج کا چاند نظر آگیا جس کے بعد عید الاضحیٰ 29 جون بروز جمعرات منائی جائے گی۔

پاکستان میں یکم ذی الحج 1444 ہجری 20 جون کو ہوگی اور عید الاضحیٰ 29 جون بروز جمعرات منائی جائے گی۔

چاند نظر آنے کا اعلان چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد ابوالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

مولانا عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع صاف رہا، اسلام آباد، لاہور، بہاولپور، خان پور، گھوٹکی، کراچی، بہاولنگر اور پشاور سمیت متعدد علاقوں سے ذی الحج کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ یکم ذی الحج 20 جون 2023 کو ہوگی اور عید الاضحیٰ 29 جون 2023 کو منائی جائے گی۔

قبل ازیں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس محکمہ موسمیات کراچی کی عمارت میں ہوا، جبکہ زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے زونل اور ضلعی ہیڈکوارٹرز میں منعقد کیے گئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب میں ذی الحج کا چاند نظر آگیا تھا، سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے اعلان کیا تھا کہ یوم عرفہ بروز منگل 27 جون کو ہوگا اور عید قرباں کا پہلا روز 28 جون بروز بدھ ہوگا۔

اسی طرح عمان کی وزارت مذہبی امور نے بھی اعلان کیا تھا کہ سلطنت میں بھی عیدالاضحیٰ 28 جون کو ہی منائی جائے گی۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ برونائی، انڈونیشیا اور ملائیشیا میں اتوار کو ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا، ان ممالک میں بھی عید الاضحیٰ 29 جون کو منائی جائےگی۔

خیال رہے کہ رواں سال ایک لاکھ 72 ہزار 710 پاکستانیوں سمیت دنیا بھر سے 30 لاکھ سے زائد کلمہ گو فریضہ حج ادا کریں گے، حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ 27 جون کو ادا کیا جائے گا۔

وبائی مرض کووڈ 19 کے بعد تین سال تک جزوی طور پر محدود رہنے کے بعد رواں سال پوری تعداد کے ساتھ فریضہ حج ادا کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024