• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

امریکا اور چین کا تعلقات معمول پر لانے کیلئے بات چیت کو فروغ دینے پر اتفاق

شائع June 19, 2023
امریکی سیکریٹری خارجہ نے اپنے چینی ہم منصب سے ساڑھے 7 گھنٹے تک بات چیت کی—فوٹو: رائٹرز
امریکی سیکریٹری خارجہ نے اپنے چینی ہم منصب سے ساڑھے 7 گھنٹے تک بات چیت کی—فوٹو: رائٹرز

امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن کے دورہ چین کے موقع پر دونوں ممالک نے تعلقات معمول پر لانے کے لیےبات چیت کو فروغ دینے پر اتفاق کرلیا۔

ڈان اخبار میں شائع خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق انٹونی بلنکن گزشتہ 5 برسوں میں چین کا دورہ کرنے والے پہلے اعلیٰ امریکی سفارت کار ہیں، انہوں نے اس موقع پر اپنے چینی ہم منصب سے ساڑھے 7 گھنٹے تک بات چیت کی، اس دوران عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا۔

دونوں فریقین نے کہا کہ چینی وزیر خارجہ چن گانگ نے بھی امریکا کا دورہ کرنے کی ہامی بھرلی ہے، دونوں وزرائے خارجہ دنیا کی 2 سب سے بڑی معاشی قوتوں کے درمیان پروازوں کی تعداد بڑھانے کے لیے مل کر کام کریں گے جو کہ کورونا وبا کے بعد سے انتہائی کم ہوچکی ہیں۔

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے اس بات چیت کو واضح، ٹھوس اور تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا انٹونی بلنکن نے غلط فہمیوں اور بدگمانیوں کو کم کرنے کے لیے تمام مسائل میں سفارت کاری کی اہمیت اور رابطے کے کھلے ذرائع فعال رکھنے پر زور دیا۔

انٹونی بلنکن آج اپنے دورے کے دوسرے روز بھی ملاقاتیں کریں گے اور روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کریں گے، دورے کے پہلے روز ہونے والی ملاقات کے بارے میں انٹونی بلنکن اور چن گانگ نے کوئی لب کشائی نہیں کی۔

سرکاری نشریاتی ادارے ’سی سی ٹی وی‘ کے مطابق چن گانگ نے انٹونی بلنکن کو بتایا کہ امریکا اور چین کے درمیان تعلقات سفارتی تعلق قائم ہونے کے بعد سے پست ترین سطح پر ہیں، یہ دونوں ممالک کے بنیادی مفادات کے مطابق نہیں ہے اور نہ ہی یہ عالمی برادری کی مشترکہ توقعات پر پورا اترتا ہے۔

تاہم انہوں نے تائیوان کے حوالے سے انٹونی بلنکن کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ تائیوان کا مسئلہ چین کے بنیادی مفادات کا مرکز ہے، یہ چین امریکا تعلقات کو درپیش سب سے اہم مسئلہ اور سب سے نمایاں خطرہ ہے۔

واضح رہے کہ انٹونی بلنکن دورہ چین کے لیے گزشتہ روز بیجنگ پہنچے تھے، رواں برس فروری میں ایک مشتبہ چینی جاسوس غبارے کی امریکی فضائی حدود میں پرواز کے بعد یہ دورہ ملتوی کردیا گیا تھا، جنوری 2021 میں جو بائیڈن کا بطور امریکی صدر عہدہ سنبھالنے کے بعد انٹونی بلنکن چین کا دورہ کرنے والے پہلے اعلیٰ ترین امریکی سرکاری عہدیدار ہیں۔

توقع کی جارہی ہے کہ انٹونی بلنکن کا دورہ آنے والے مہینوں میں سیکریٹری خزانہ جینٹ ییلن اور سیکریٹری تجارت جینا ریمونڈو کے ممکنہ دورے سمیت مزید دوطرفہ ملاقاتوں کی راہ ہموار کرے گا۔

یہ دورہ رواں برس کے آخر میں کثیرالجہتی سربراہی اجلاسوں میں شی جن پنگ اور جو بائیڈن کے درمیان ملاقاتوں کی راہ بھی ہموار کر سکتا ہے، 2 روز قبل جو بائیڈن نے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ آئندہ چند ماہ میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے لیے پُرامید ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024