• KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:25pm
  • KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:25pm

سعودی عرب میں ذی الحج کا چاند نظر آگیا، عیدالاضحیٰ 28 جون کو ہوگی

شائع June 19, 2023
پاکستان میں ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج 19 جون بروز پیر  کراچی میں ہوگا—فائل فوٹو:ڈان نیوز
پاکستان میں ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج 19 جون بروز پیر کراچی میں ہوگا—فائل فوٹو:ڈان نیوز

سعودی عرب میں ذی الحج کا چاند نظر آگیا جس کے بعد عید الاضحیٰ 28 جون بروز بدھ منائی جائے گی۔

گلف نیوز پر شائع ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ مملکت میں چاند نظر آنے کے بعد یکم ذی الحج 19 جون کو ہوگی۔

بیان کے مطابق یوم عرفہ بروز منگل 27 جون کو ہوگا اور عید قرباں کا پہلا روز 28 جون بروز بدھ ہوگا۔

اس میں کہا گیا کہ اسی طرح عمان کی وزارت مذہبی امور نے بھی اعلان کیا کہ سلطنت میں بھی عیدالاضحیٰ 28 جون کو ہی منائی جائے گی۔

عمان نیوز ایجنسی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ سال 1444 ہجری کے ماہ ذی الحجہ کا چاند نظر آنے کی تصدیق ہو گئی ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج 19 جون بروز پیر کراچی میں ہوگا۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق مرکز رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس محکمہ موسمیات کراچی کی عمارت میں ہوگا جب کہ زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے زونل اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں ہوں گے۔

چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان چئیرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد ابوالخیر آزاد کریں گے۔

کلائیمٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر کے مطابق چاند کی پیدائش اتوار کی شب 9 بجکر 37 منٹ پر ہو گئی ہے اور پیر کو چاند دکھائی دینے اور پاکستان میں 20 جون کو یکم ذی الحج 1444 ھ ہونے کا امکان ہے اور عید الاضحی29 جون جمعرات کو متوقع ہے۔

علاوہ ازیں میڈیا رپورٹس کے مطابق برونائی ، انڈونیشیا اور ملائیشیا میں بھی اتوار کو ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا، ان ممالک میں بھی عید الاضحی 29 جون جمعرات کو متوقع ہے۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024