• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان، مورنے مورکل باؤلنگ کوچ مقرر

شائع June 17, 2023
یہ سیریز آئی سی سی کی تیسری ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان کی پہلی سیریز ہوگی— فائل فوٹو: اے ایف پی
یہ سیریز آئی سی سی کی تیسری ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان کی پہلی سیریز ہوگی— فائل فوٹو: اے ایف پی

سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا، شاہین شاہ آفریدی کی واپسی ہوئی ہے تاہم نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ سیریز میں شامل کیے گئے کامران غلام کو بغیر کھلائے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ٹاپ آرڈر بلے باز محمد حریرہ اور آل راؤنڈر عامر جمال کو پہلی بار ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے، اس کے علاوہ جنوبی افریقہ کے سابق باؤلر مورنے مورکل کو باؤلنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ آئندہ ماہ پاکستان ٹیم سری لنکا کا دورہ کرے گی، 2 ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز آئی سی سی کی تیسری ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان کی پہلی سیریز ہوگی۔

پی سی بی نے بتایا کہ 16 رکنی پاکستان اسکواڈ کی کپتانی بابر اعظم کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان (نائب کپتان اور وکٹ کیپر)، عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، حسن علی، امام الحق، محمد حریرہ، محمد نواز، نسیم شاہ، نعمان علی، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی اور شان مسعود شامل ہیں۔

واضح رہے کہ دسمبر 2022 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے کامران غلام کو اظہر علی کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا، تاہم انہیں پلیئنگ الیون میں منتخب نہیں کیا گیا تھا، اب انہیں ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔

ٹیم میں پہلی بار منتخب کیے گئے سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے بلے باز محمد حریرہ کی کارکردگی پر نظر ڈالی جائے تو انہوں نے 24 فرسٹ کلاس میچز کی 38 اننگز میں 2252 رنز بنا رکھے ہیں، جس میں 8 سینچریاں اور 8 ہی نصف سینچریاں شامل ہیں، ان کا زیادہ سے زیادہ اسکور 311 رنز ہے۔

دائیں ہاتھ کے 21 سالہ بلے باز محمد حریرہ قائد اعظم ٹرافی کے گزشتہ سیزن 23-2022 میں 11 میچوں کی 18 اننگز میں 4 سینچریوں اور 2 نصف سینچریوں کی مدد سے 73 کی اوسط کے ساتھ 1024 رنز بنا کر سرفہرست رہے تھے۔

اسی طرح قائد اعظم ٹرافی کے سیزن 22-2021 کے دوران بھی محمد حریرہ سب سے کامیاب بلے باز رہے تھے، انہوں نے 18 اننگز میں 986 رنز اسکور کیے تھے، جس میں 311 رنز کی شاندار اننگز بھی شامل تھی۔

میانوالی سے تعلق رکھنے والے آل راؤنڈر عامر جمال نے 23 فرسٹ کلاس میچوں کی 32 اننگز میں 19.24 کی اوسط سے مجموعی طور پر 558 رنز بنائے ہیں جبکہ 64 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

وہ قائد اعظم ٹرافی کے سیزن 23-2022 میں 9 میچوں میں 31 وکٹ لے کر ٹورنامنٹ کے دوسرے کامیاب ترین باؤلر ثابت ہوئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024