• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان اسلام آباد سے لاپتا

شائع June 17, 2023
کوہسار پولیس کی جانب سے گزشتہ روز اغوا کا مقدمہ درج کرلیا گیا—فائل فوٹو: اے پی پی
کوہسار پولیس کی جانب سے گزشتہ روز اغوا کا مقدمہ درج کرلیا گیا—فائل فوٹو: اے پی پی

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پرنسپل سیکریٹری اور اعلیٰ عہدے پر فائز بیوروکریٹ اعظم خان جمعرات (15 جون) کی شام سے اسلام آباد سے لاپتا ہیں، ان کے اہل خانہ نے ان کی گمشدگی کی تصدیق کی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں کوہسار پولیس کی جانب سے گزشتہ روز اغوا کا مقدمہ درج کرلیا گیا، دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا کہ ان کے قریبی لوگوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اسلام آباد پولیس نے مقدمہ اعظم خان کے بھتیجے محمد سعید خان کی شکایت پر درج کیا، شکایت کے مطابق اعظم خان (جو کہ گریڈ 22 کے پی اے ایس افسر ہیں) 15 جون کو شام ساڑھے 6 سے 7 بجے کے درمیان اسلام آباد میں اپنے گھر سے ایک ملاقات کے لیے نکلے اور اس کے بعد سے ان کا کسی سے رابطہ نہیں ہے۔

درخواست گزار اور ان کے اہل خانہ نے اعظم خان کی تلاش کے لیے تمام ممکنہ رابطوں کی جانچ پڑتال کی تاہم وہ اب تک اعظم خان کا سراغ نہیں لگا سکے، ان کا فون بھی مسلسل بند ہے۔

محمد سعید نے گزشتہ روز صبح کوہسار پولیس اسٹیشن میں اعظم خان گمشدگی پر مقدمہ کے اندراج کے لیے شکایت درج کرائی اور شام کو مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ان کے چچا لاپتا ہوئے تو ان کے اہل خانہ جنازے میں شرکت کے لیے ان کے آبائی شہر مردان گئے ہوئے تھے جبکہ اعظم خان اسلام آباد میں اکیلے رہ تھے۔

محمد سعید نے کہا کہ انہوں نے اپنے چچا سے آخری بار بات جمعرات کو شام ساڑھے 5 بجے کے قریب کی تھی اور بعد میں جب انہوں نے اُن دوبارہ کال کی تو اُن کا موبائل فون بند ہو گیا۔

اسلام آباد پولیس نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ اعظم خان کی گمشدگی کے حوالے سے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کسی کے پاس اعظم خان کے بارے میں کوئی معلومات ہوں تو ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کریں۔

دریں اثنا چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ٹوئٹ کیا کہ ہر اس شخص کو ہدف بنایا جارہا ہے جس کے بارے میں یہ تاثر ہے کہ وہ مجھ سے قریب تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں سابق گورنر لطیف کھوسہ کی رہائشگاہ پر گزشتہ شب کئے جانے والے حملے کی بھی شدید مذمت کرتا ہوں۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024