• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے کوآرڈینیٹر والدین سمیت ٹریفک حادثے میں جاں بحق

شائع June 13, 2023
ریسکیو  ٹیم نے نالے سے 2 جاں بحق افراد کی لاشیں نکال کر ڈمبوداس ہسپتال منتقل کردیا —فائل فوٹو: ڈان نیوز
ریسکیو ٹیم نے نالے سے 2 جاں بحق افراد کی لاشیں نکال کر ڈمبوداس ہسپتال منتقل کردیا —فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے کوآرڈینیٹر مزمل حسن اپنے والدین سمیت ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کی ہمشیرہ شدید زخمی ہوگئیں۔

ریسکیو 1122 کے میڈیا کوآرڈینیٹر شیر باز کے مطابق حادثہ شاہراہ بلتستان میں شنگوس کے مقام پر پیش آیا جہاں ان کی گاڑی موڑ کاٹتے ہوئے نالے میں جاگری، گاڑی میں سوار وزیر اعلیٰ کے کوآرڈینیٹر مزمل حسن ایڈووکیٹ، ان کے والد اور والدہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو ٹیم نے نالے سے 2 جاں بحق افراد کی لاشیں نکال کر ڈمبوداس ہسپتال منتقل کردیں جبکہ حادثے میں جاں بحق مزمل حسن کی لاش پانی میں بہہ جانے کے سبب تاحال نہیں مل سکی ہے، ان کی زخمی ہمشیرہ کو گلگت پروونشل ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

شیرباز کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی افسر اسکردو امین الدین سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں جس میں 3 ایمبولینس، ریسکیو ریکوری کرین، واٹر ریسکیو وہیکل اور 20 ریسکیو اہلکار شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آزاد جموں و کشمیر میں تقریباً 28 زائرین سے بھری ایک کوسٹر حادثے کا شکار ہو گئی تھی، جس کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد جاں بحق اور دیگر شدید زخمی ہوگئے تھی۔

پولیس کے مطابق کوسٹر آزاد جموں و کشمیر کے ضلع سدھنوتی کے ایک دور افتادہ گاؤں نیریاں سے واپس آرہی تھی، جہاں گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے متاثرین عرس میں شرکت کے لیے گئے تھے اور ضلع کوٹلی اور میرپور سے ہوتے ہوئے واپس جارہے تھے۔

یاد رہے کہ رواں برس 25 فروری کو رحیم یار خان میں رکن پور کے قریب ملتان۔سکھر موٹروے (ایم-5) پر ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہوگئے تھے۔

مقامی افراد، ریسکیو اور پولیس حکام سے ملنے والی معلومات کے مطابق ایک سوزوکی پک اَپ وین مسافروں کو لے کر کراچی جارہی تھی کہ محمد پور کے علاقے تھل حسن کے قریب اس کا ٹائر پھٹ گیا اور وہ الٹ گئی۔

21 فروری کو خیبرپختونخوا کے علاقے شتیال میں مسافر بس مخالف سمت سے آنے والی کار سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 21 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے تھے، مسافر بس گلگت بلتستان سے راولپندی جارہی تھی۔

اس سے قبل 2 فروری کوہاٹ-جاپان فرینڈشپ ٹنل کے قریب انڈس ہائی وے پر خوفناک ٹریفک حادثے میں 17 مسافر جاں بحق اور دیگر 2 زخمی ہو گئے تھے۔

مسافر کوچ لکی مروت سے پشاور جا رہی تھی کہ مخالف سمت سے آنے والے ٹرالر کے ساتھ تصادم ہوا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024