پاکستان، بھارت کے مختلف حصوں میں 5.4 شدت کے زلزلے کے جھٹکے
یورپی میڈیٹیرینین سیسمولوجیکل سینٹر (ای ایم ایس سی) کے مطابق منگل کی دوپہر بھارت اور پاکستان کے کچھ حصوں میں 5.4 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلے کا مرکز شمالی بھارت کے علاقے پٹھان کوٹ سے 99 کلومیٹر شمال میں زمین کی 60 کلومیٹر (37.28 میل) کی گہرائی میں تھا۔
ڈان نیوز کے مطابق پشاور، اسلام آباد، لاہور اور ملحقہ شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ٹیلی ویژن پر چلنے والی فوٹیج میں لوگوں کو گھبرا کر عمارتیں خالی کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
زلزلے سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں، عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
**امریکی جیولوجیکل سروے**کے مطابق زلزلے کا مرکز زمین کی 10 کلومیٹر گہرائی میں تھا جبکہ اس کی شدت 5 تھی۔
دریں اثنا بھارتی خبررساں ادارے ’اے این آئی‘ نے کہا کہ بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے ساتھ ساتھ شمالی بھارت کے کچھ حصوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
قبل ازیں 28 مئی کو بھی ملک کے شمالی اور وسطی علاقوں میں 2 مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے جس کے نتیجے میں خیبرپختونخوا کے بٹگرام ضلع میں 3 بچے زخمی ہوگئے تھے۔
محکمہ موسمیات کے جاری کردہ بیان کے مطابق زلزلہ صبح 10 بج کر 50 منٹ پر آیا جس کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کے سرحدی علاقے میں تھا اور اس کی شدت 6 ریکارڈ کی گئی۔
جبکہ 4.7 کی شدت کا دوسرا زلزلہ شام 5 بج کر 57 منٹ پر آیا جس کا مرکز افغانستان میں جلال آباد کے قریب تھا اور 15 کلومیٹر کی گہرائی سے ٹکرایا گیا تھا۔
خیال رہے کہ رواں برس مارچ میں ملک کے مختلف علاقوں میں 21 اور 22 مارچ کی درمیانی شب 6.8 شدت کے زلزلے سے خیبر پختونخوا میں 10 افراد جاں بحق اور 62 زخمی ہوئے تھے۔