• KHI: Fajr 5:03am Sunrise 6:19am
  • LHR: Fajr 4:26am Sunrise 5:48am
  • ISB: Fajr 4:29am Sunrise 5:53am
  • KHI: Fajr 5:03am Sunrise 6:19am
  • LHR: Fajr 4:26am Sunrise 5:48am
  • ISB: Fajr 4:29am Sunrise 5:53am

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شکست، سابق کرکٹر کوہلی کی بلے بازی پر برہم

شائع June 12, 2023
سنیل گاوسکر نے ویرات کوہلی شاٹ سلیکشن کو تنقید کا نشانہ بنایا — فائل فوٹو: اے ایف پی
سنیل گاوسکر نے ویرات کوہلی شاٹ سلیکشن کو تنقید کا نشانہ بنایا — فائل فوٹو: اے ایف پی

ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد بھارت میں سوگ کا ماحول ہے اور سابق کرکٹرز نے میچ میں خراب شاٹ سلیکشن پر ویرات کوہلی سے جواب طلبی کا مطالبہ کیا ہے جبکہ سچن ٹنڈولکر نے ٹیم سلیکشن پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو باآسانی 209 رنز سے مات دے کر پہلی مرتبہ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا، جبکہ بھارتی ٹیم کو لگاتار دوسری مرتبہ فائنل میں شکست ہوئی۔

میچ کے بعد بھارتی ٹیم بالخصوص ویرات کوہلی کو ان کی شاٹ سلیکشن پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور سنیل گاوسکر نے دائیں ہاتھ کے بلے باز سے جواب دہی کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوہلی نے برا شاٹ کھیلا، وہ ایک عام سا شاٹ تھا، کوہلی سے پوچھا جانا چاہیے کہ یہ آپ نے کس طرح کا شاٹ کھیلا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ گیند آف اسٹمپ سے کافی باہر تھی، درحقیقت جب آپ میچ جیتنے کے لیے جا رہے ہوتے ہیں، آپ کو ایک بڑی اننگز، سنچری جیسی باری کی ضرورت ہوتی ہے، آپ آف اسٹمپ سے اتنی باہر جاتی ہوئی گیند کو کھیل کر کیسے سنچری کرنے کی امید رکھ سکتے ہیں۔

تاہم بعد میں انہوں نے اس شاٹ کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ نصف سنچری کے قریب پہنچ کر سنگ میل عبور کرنے کی کوشش میں جلد بازی میں یہ شاٹ کھیل گئے ہوں۔

سابق اوپننگ بلے باز نے کہا کہ پہلی اننگز میں جدیجا کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا تھا، وہ 48 رنز پر کھیل رہے تھے اور انہوں نے اس گیند پر شاٹ کھیلا جس پر کھیلنا نہیں چاہیے تھا، یہی چیز دوسری اننگز میں اجنکیا راہانے کے ساتھ ہوئی جو 45 رنز پر کھیل رہے تھے، سوال یہ ہے کہ آپ نے بہت دیر تک ایسا کوئی شاٹ نہیں کھیلا تھا تو پھر یک دم اتنا برا شاٹ کیسے کھیل دیا۔

ادھر سابق عظیم بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل کے لیے منتخب کردہ فائنل الیون پر شدید حیرانی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو پہلی اننگز میں لمبی باری لینی چاہیے تھی لیکن وہ ایسا نہ کر سکے، بھارتی ٹیم کے لیے میچ میں کچھ اہم لمحات بھی آئے لیکن میں میچ کی فائنل الیون سے ٹیسٹ کے عالمی نمبر ایک باؤلر ایشون کے اخراج پر حیران ہوں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ٹنڈولکر نے کہا کہ میں نے میچ سے پہلے ہی کہا تھا کہ ایک باصلاحیت باؤلر محض ٹرننگ وکٹوں پر انحصار نہیں کرتا، وہ ہوا میں ڈرفٹ کرنے کے ساتھ ساتھ وکٹ سے باؤنس کے ذریعے بلے باز کو چکما دینے کی کوشش کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ آسٹریلیا کے 8 ابتدائی بلے بازوں میں سے پانچ بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ حال ہی میں ختم ہونے والی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے 13 میچوں میں ایشون نے 61 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

ادھر بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے شکست کی وجہ بیٹنگ لائن کی ناکامی کے ساتھ ساتھ آئی پی ایل فائنل کے چند دن بعد ہی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل کے انعقاد کو قرار دیا۔

انہوں نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں لگاتار دوسرا فائنل ہارنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اچھی بیٹنگ نہیں کی اور اپنی حکمت عملی پر بھی عمل کرنے سے قاصر رہے جس کا نتیجہ شکست کی صورت میں برآمد ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بڑے میچ کی تیاری کے لیے 20 سے 25 دن درکار ہوتے ہیں، لیکن انڈین پریمیئر لیگ کھیل کر آ رہے تھے تو ٹی20 سے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا تھوڑا مشکل ہوتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 16 ستمبر 2024
کارٹون : 15 ستمبر 2024