• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کے الیکٹرک کے گرڈ اسٹیشن میں آگ لگنے سے ڈی ایچ اے کے رہائشی کئی گھنٹے بجلی سے محروم

شائع June 12, 2023
آگ لگنے کے نتیجے میں ڈی ایچ اے فیز 5، 6، 7 اور 8 کئی گھنٹوں تک بجلی سے محروم رہے— فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
آگ لگنے کے نتیجے میں ڈی ایچ اے فیز 5، 6، 7 اور 8 کئی گھنٹوں تک بجلی سے محروم رہے— فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی میں خیابان اتحاد پر واقع کے-الیکٹرک گرڈ اسٹیشن میں آگ لگنے کے بعد اتوار کی صبح خاص طور پر گرم اور مرطوب موسم میں ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے کئی علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق گرڈ اسٹیشن سے نکلنے والا سیاہ دھواں دور سے دیکھا جاسکتا تھا جو کہ علاقہ مکینوں کے لیے انتہائی پریشان کن ثابت ہوا۔

آگ لگنے کے نتیجے میں ڈی ایچ اے فیز 5، 6، 7 اور 8 کئی گھنٹوں تک بجلی سے محروم رہے۔

سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں 26ویں اسٹریٹ، سی ویو اور درخشاں ٹاؤن شپ، خیابانِ مجاہد، خیابانِ شاہین، خیابانِ محفوظ، خیابانِ مسلم، خیابانِ ہلال، خیابانِ نشاط، خیابانِ راحت، خیابانِ سحر، خیابانِ شجاعت اور خیابانِ بخاری شامل ہیں۔

ان علاقوں کے مکینوں نے ڈان کو بتایا کہ جب انہوں نے یہ جاننے کے لیے کے الیکٹرک کو فون کیا تو انہیں بتایا گیا کہ یہ ایک معمول کا واقعہ ہے جس کی وجہ سے مرمت کی بحالی کا کام جاری ہے اور دوپہر ایک بجے کے قریب بجلی بحال ہونے کی امید ہے، پھر دوپہر 1 بجے جب بجلی بحال نہ ہوسکی تو ان سے کہا گیا کہ وہ دوپہر 2 بجے یا سہ پہر 3 بجے کے قریب اس کی بحالی کی توقع کریں۔

تاہم زیادہ تر رہائشیوں نے بتایا کہ ان کی بجلی سہ پہر 3 بجے کے بعد بحال ہو گئی، کچھ نے کہا کہ شام 5 بجے تک ان کی بجلی بحال ہو گئی تھی تاہم رات گئے تک، کچھ رہائشی ایسے بھی تھے جن کا کہنا تھا کہ وہ صبح 8 بجے سے بجلی سے محروم ہیں، جو لوگ گرڈ اسٹیشن میں آگ لگنے سے لاعلم تھے وہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نشانہ بننے پر بہت پریشان تھے، جس کے بارے میں کے الیکٹرک کو سوشل میڈیا پر واضح کرنا پڑا کہ ایسا نہیں ہے۔

کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق اتوار کی سہ پہر تک گرڈ اسٹیشن سے منسلک علاقوں کو بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بحال کر دی گئی۔

کے الیکٹرک کی جانب سے بعد میں جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ٹیموں کو بحالی کے کام کی اجازت دینے کے لیے گرڈ اسٹیشن پر عارضی شٹ ڈاؤن کیا گیا تھا جبکہ قریبی گرڈ اسٹیشنز کو متبادل چینلز کے ذریعے زیادہ سے زیادہ متاثرہ علاقوں تک بجلی پہنچانے کے لیے استعمال کیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ کے الیکٹرک اپنے کال سینٹر 118 کے ذریعے اور اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے صارفین کی مدد اور رہنمائی کے لیے دستیاب ہے۔

ترجمان نے آگ لگنے کے واقعے کو تسلیم نہ کرتے ہوئے کہا کہ گرڈ میں ایک معمولی واقعے کی وجہ سے سپلائی متاثر ہوئی تھی جس پر فوری طور پر قابو پالیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024