• KHI: Maghrib 6:44pm Isha 8:01pm
  • LHR: Maghrib 6:19pm Isha 7:41pm
  • ISB: Maghrib 6:25pm Isha 7:50pm
  • KHI: Maghrib 6:44pm Isha 8:01pm
  • LHR: Maghrib 6:19pm Isha 7:41pm
  • ISB: Maghrib 6:25pm Isha 7:50pm

خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں کے نتیجے میں 27 افراد جاں بحق

شائع June 11, 2023
بارش سے متعلقہ واقعات میں مجموعی طور پر 147 افراد زخمی ہوئے — فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
بارش سے متعلقہ واقعات میں مجموعی طور پر 147 افراد زخمی ہوئے — فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

خیبرپختونخوا میں بارشوں سے ہونے والے حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 27 ہوگئی۔

ایک تازہ رپورٹ میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا کہ 27 متاثرین میں 18 مرد، ایک عورت اور 8 بچے شامل ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 15 اموات بنوں میں ہوئیں، پانچ پانچ لکی مروت اور کرک میں ہوئیں جبکہ دو لوگ ڈیرہ اسمٰعیل خان میں مارے گئے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ بارش سے متعلقہ واقعات میں مجموعی طور پر 147 افراد زخمی ہوئے جن میں 125 مرد، 17 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں، حادثات میں کم از کم 125 مویشی بھی مارے گئے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ بارشوں کے نتیجے میں ایک اسکول اور 69 گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔

وزیر موسمیات شیری رحمٰن نے خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بارشوں سے ہونے والے حادثات میں جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

انہوں نے پاک فوج، ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام اور دیگر محکموں کے فوری ردعمل کو قابل تحسین قرار دیا اور کہا کہ سندھ کے بعد پنجاب اور خیبر پختونخوا میں مون سون سے پہلے ہی طوفانی ہوائیں، شدید بارشیں اور ان سے ہونے والی تباہی قابل تشویش ہے، آندھی، طوفانی بارشوں اور ژالہ باری سے انسانوں، مویشیوں، کھڑی فصلوں، کمزور عمارتوں اور کچے گھروں کو شدید نقصان ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تمام صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کو مزید ماحولیاتی واقعات کے لیے چونکنا اور تیار رہنے کی ہدایت کی ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں کو سمندری طوفان بائپر جوائے کے حوالے سے بھی پیشگی ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کا ذمہ دار نہیں ہے تاہم اس کے باوجود ’گراؤنڈ زیرو‘ بن چکا ہے۔

اس کے علاوہ وزیر اعظم شہباز شریف نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو ملک کے بارشوں سے متاثرہ علاقوں بالخصوص خیبر پختونخوا میں ریلیف و بحالی کے اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

ایک بیان میں انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ 24 گھنٹوں کے اندر امدادی سرگرمیوں سے متعلق رپورٹ پیش کریں۔

وزیر اعظم نے خیبرپختونخوا کے کچھ حصوں میں بارش سے متعلقہ واقعات کے نتیجے میں ہونے والی جانوں کے ضیاع پر بھی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

کارٹون

کارٹون : 7 ستمبر 2024
کارٹون : 6 ستمبر 2024