• KHI: Asr 4:14pm Maghrib 5:50pm
  • LHR: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • KHI: Asr 4:14pm Maghrib 5:50pm
  • LHR: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm

میثاقِ معیشت ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے، وزیراعظم کا اعادہ

شائع June 11, 2023
وزیراعظم نے کہا کہ مسلسل چیلنجز کے پیش نظر بجٹ تیار کرنے کا عمل خاصا مشکل کام تھا — فائل فوٹو: ٹوئٹر
وزیراعظم نے کہا کہ مسلسل چیلنجز کے پیش نظر بجٹ تیار کرنے کا عمل خاصا مشکل کام تھا — فائل فوٹو: ٹوئٹر

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو اصلاحات کی اشد ضرورت ہے جو کہ صرف مستحکم سیاسی ماحول میں ہی ممکن ہے۔

ڈان اخبار میں شائع سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق شہباز شریف نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ عوام کی خوشحالی کے لیے میثاق معیشت ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ دکھائی دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تباہ کن سیلاب، عالمی سپلائی چین میں خلل اور جیو اسٹریٹجک تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے مسلسل چیلنجز کے پیش نظر بجٹ تیار کرنے کا عمل خاصا مشکل کام تھا۔

وزیراعظم نے بجٹ تیار کرنے کے عمل میں شامل تمام لوگوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حالیہ رکاوٹوں کے پیش نظر ایک متوازن ممکن نہیں لگتا تھا، بجٹ جس میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا ہے۔

دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قزاقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور توانائی، زراعت، آئی ٹی، ٹیکسٹائل اور بجلی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پراتفاق کیا۔

ٹیلی فونک رابطے کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، قزاقستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، انہوں نے قزاقستان کے صدر کو جلد از جلد پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔

قزاقستان کے صدر نے پاکستان کو خطے کا اہم ملک قرار دیتے ہوئے دیرینہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف سے چیئرمین لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) حافظ نعمان نے ملاقات کی۔

حافظ نعمان نے وزیراعظم کو بجلی کی طلب اور رسد کی صورتحال اور لیسکو کی جانب سے بجلی چوری روکنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے وزیرِ اعظم کے سولرائزیشن کے منصوبے پر لیسکو کی حدود میں عملدرآمد بالخصوص گرڈز اسٹیشنز کی سولرآئزیشن کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے سابق اراکین صوبائی اسمبلی میاں مرغوب احمد اور میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے ملاقات کی۔

وزیراعظم آفس سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی ملاقات کی اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم سے علیحدہ علیحد ملاقاتیں کرنے والے سیاسی رہنماؤں میں سابق اراکین قومی اسمبلی سردار غلام عباس، عبدالغفار ڈوگر اور سابق رکن صوبائی اسمبلی مہوش سلطانہ شامل تھے۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024