’دلا تیر بجا‘ کو نائٹ کلب میں چلانے والی بھارتی ڈی جے مداحوں کی مشکور
بھارتی ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے نائٹ کلب میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ترانے ’دلا تیر بجا‘ کو چلانے والی ڈسک جوکی (ڈی جے) نے اپنی ویڈیو کو پسند کرنے پر پاکستانی مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ڈی جے کرن ڈیمبلا نے گزشتہ ماہ 20 مئی کو اپنے انسٹاگرام پر پیپلز پارٹی کے ترانے ’دلا تیر بجا‘ کو نائٹ کلب میں چلانے کی ویڈیو شیئر کی تھی۔
ویڈیو میں انہیں بھی ڈسک جوکی ڈیسک کے قریب ’دلا تیر بجا‘ پر رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں نائٹ کلب کے دوسرے مرد و خواتین کو بھی پیپلز پارٹی کے ترانے پر جھومتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ڈی جے کرن ڈیمبلا کی جانب سے گزشتہ ماہ کی گئی ویڈیو اچانک حال ہی میں پاکستان کے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور چند ہی دن میں ان کی ویڈیو کو 20 لاکھ کے قریب بار دیکھا گیا۔
دیکھتے ہی دیکھتے ’دلا تیر بجا‘ کی اپنی ویڈیو کے وائرل ہونے پر انہوں نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ویڈیو پیغام میں پاکستانی مداحوں کو شکریہ بھی ادا کیا۔
ڈی جے کرن ڈیمبلا نے اپنی ویڈیو میں بتایا کہ انہیں ’دلا تیر بجا‘ گانا شروع سے ہی پسند تھا اور وہ ہمیشہ ان کی لسٹ میں موجود رہا ہے اور انہوں نے اسے دیگر نائٹ کلبس میں بھی چلانے کی کوشش کی لیکن ہر کلب میں ہر گانے کو چلانے کی اجازت نہیں ہوتی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی ’دلا تیر بجا‘ کی ویڈیو کو نہ صرف بھارت بلکہ پاکستان میں بھی بہت پسند کیا گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے ان کی ویڈیو کو لاکھوں افراد نے دیکھ لیا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی ویڈیو کو پاکستان کے بہت سارے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کیا جا رہا ہے اور لوگ انہیں تعریفی پیغامات بھی بھجوا رہے ہیں، جس پر انہیں خوشی ہے۔
ڈی جے کرن ڈیملا نے پاکستانی مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ’دلا تیر بجا‘ کو ’بھٹو میوزک‘ کا نام بھی دیا۔
ان کی ویڈیو کو پاکستان کے سوشل میڈیا صارفین نے بھی شیئر کرتے ہوئے ’دلا تیر بجا‘ کی تعریفیں کیں۔
یہاں یہ بات یاد رہے کہ ’دلا تیر بجا‘ پیپلز پارٹی کا مقبول ترانہ ہے، جو 1987 میں ریلیز ہوا تھا اور اس کی کمپوزیشن پارٹی سپورٹر اور لیاری کے رہائشی ظہور احمد زیبی نے کی تھی۔
پیپلز پارٹی کے ترانے کی گلوکاری شبانا نوشی نے کی تھی اور یہ اس موسیقی پر بنایا گیا پہلا اور اوریجنل گانا تھا۔
اس کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے 1991 میں بولی وڈ فلم ’اندرا جیت‘ کے ایک گانے کو بھی ان کی دھن پر بنایا گیا تھا۔
امیتابھ بچن کی فلم کے گانے ’میں نہ جھوٹ بولوں‘ کو ’دلا تیر بجا‘ کی دھن پر بنایا گیا تھا۔