• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

آج تک کوئی ایسا شخص نہیں ملا، جس کے ساتھ زندگی گزاری جاسکے، سارہ علی خان

شائع June 8, 2023
— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ کے چھوٹے خان سیف علی خان کی بیٹی اداکارہ سارہ علی خان نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں آج تک کوئی ایسا شخص ہی نہیں ملا، جنہیں دیکھ کر انہیں ایسا محسوس ہو کہ اس کے ساتھ پوری زندگی گزاری جا سکتی ہے۔

سارہ علی خان آئے دن میڈیا میں اپنے رومانوی تعلقات کی وجہ سے خبروں کی زینت بنتی رہتی ہیں، گزشتہ ایک سال سے ان کے حوالے سے بھارتی میڈیا میں چہ مگوئیاں ہیں کہ وہ کسی کرکٹر کے ساتھ تعلقات میں ہیں۔

سارہ علی خان سے متعلق خبریں ہیں کہ وہ بھارتی کرکٹر شبمن گل کے ساتھ تعلقات میں ہیں اور دونوں کو بعض مرتبہ ایک ساتھ بھی دیکھا جا چکا ہے۔

تاہم حالیہ انٹرویو میں سارہ علی خان نے کسی کرکٹر کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے مبہم جواب دیتے ہوئے اس بات سے تردید کرنے سے گریز کیا کہ وہ کسی کرکٹر کے ساتھ تعلقات میں ہیں۔

’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق سارہ علی خان سے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران پوچھا گیا کہ کیا وہ بھی اپنی دادی اداکارہ شرمیلا ٹیگور کی طرح کسی کرکٹر کے ساتھ شادی کریں گی؟

اس پر سارہ علی خان نے جواب دیا کہ انہیں معلوم نہیں کہ وہ کن سے شادی کریں گی لیکن ان کے لیے اس بات کو کوئی اہمیت نہیں کہ ان کا ہونے والا شوہر کون ہوگا؟

انہوں نے کہا کہ وہ اس شخص سے شادی کریں گی جن کے ساتھ ان کی ذہنی ہم آہنگی ہوگی پھر چاہے وہ کرکٹر ہو، انجینیئر، ڈاکٹر یا کوئی اور پیشہ رکھنے والا شخص ہو۔

پھر ان سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ اس وقت کسی کرکٹر کے ساتھ تعلقات میں ہیں؟ جس پر انہوں نے واضح طور پر تصدیق یا تردید نہیں کی، ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ انہیں آج تک کوئی ایسا شخص ہی نہیں ملا جنہیں دیکھ کر انہیں محسوس ہو کہ اس کے ساتھ پوری زندگی گزاری جا سکتی ہے۔

سارہ علی خان نے 2018 میں اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا تھا، وہ اب تک ایک درجن کے قریب فلموں میں کام کر چکی ہیں اور ان کا شمار ابھرتی ہوئی اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔

حال ہی میں ان کی وکی کوشل کے ساتھ رومانٹک کامیڈی فلم ’ذرا ہٹ کے ذرا بچ کے‘ ریلیز ہوئی تھی، جس کے پروموشن کے دوران سارہ علی خان نے مندروں کا دورہ بھی کیا تھا، جس پر انہیں مسلمان افراد نے تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

مندروں پر ہونے والی تنقید کے بعد سارہ علی خان نے ایک تقریب کے دوران واضح کیا تھا کہ انہیں تنقید سے کوئی فرق نہیں پڑتا، جسے جو کہنا ہے کہتا رہے، وہ مندروں پر جاتی رہیں گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024