• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

حنا خواجہ بیات شوہر کے انتقال پر ہونے والی تنقید کی بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں

شائع June 7, 2023
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

معروف سینیئر اداکارہ حنا خواجہ بیات اپنے شوہر کے انتقال پر خود پر ہونے والی تنقید پر بات کرتے ہوئے ٹاک شو کے دوران آبدیدہ ہوگئیں۔

حنا خواجہ بیات حال ہی میں ندا یاسر کے مارننگ شو ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں اداکارہ نادیہ جمیل کے ساتھ شریک ہوئیں، جہاں دونوں اداکاراؤں نے اپنی اپنی ذاتی زندگی سے متعلق کھل کر باتیں کیں۔

نادیہ جمیل نے موذی مرض کینسر سے جنگ لڑنے سمیت اپنے والد کی وفات پر بھی کھل کر باتیں کیں اور ساتھ ہی بتایا کہ بچیوں کو گود لینے پر انہیں کس قدر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

اسی پروگرام میں سینیئر اداکارہ حنا خواجہ بیات نے بھی اپنی ذاتی سمیت شوہر حاجی روجر خواجہ بیات کی بیماری اور ان سے اپنے تعلقات سے متعلق کھل کر باتیں کیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر نے شادی کے بعد ہونے والی ہر سالگرہ پر انہیں خوبصورت تحفہ دیا اور ساتھ ہی شوہر انہیں ہر آئے دن پھولوں کے تحائف دیتے تھے۔

اداکارہ کے مطابق ان کا کوئی بھائی نہیں تھا، اس لیے وہ شادی سے قبل دعا کرتی تھیں کہ ان کی کسی ایسے شخص کے ساتھ شادی ہوجائے جو ان کے والدین کے لیے بیٹا بن جائے اور ان کی دعا قبول ہوئی، ان کے شوہر ان کے والدین کے بیٹے بن کر رہے۔

حنا خواجہ بیات کے مطابق جب ان کے شوہر کینسر جیسے موذی مرض کی آخری اسٹیج پر تھے تب بھی انہوں نے اداکارہ پر ڈراموں میں کام کرنے کے لیے دباؤ ڈالا، کیوں کہ وہ ان کی ذمہ داری کو سمجھتے تھے، ساتھ ہی وہ چاہتے تھے کہ ان کی اہلیہ انہیں دیکھ دیکھ کر پریشان ہونے سے بچ جائے۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے شوہر کے کہنے پر ہی شوہر کے آخری ایام سے قبل ہدایت کار حسیب حسن کے ساتھ ڈرامے میں کام کیا اور انہیں لگتا ہے کہ ہدایت کار کو ان کے شوہر نے ہی کہا ہوگا کہ ان کی اہلیہ کو کاسٹ کیا جائے۔

حنا خواجہ بیات کے مطابق ہدایت کار نے انہیں محض تین دن کی شوٹنگ کے لیے وقت مانگا تھا لیکن وہ بڑھ کر دو ہفتوں تک پہنچ گئیں اور مذکورہ ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ہی ان کے شوہر انتقال کر گئے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ جب اپنے بیمار شوہر کے لیے خون سمیت دیگر ادویات کا بندوبست کر رہی تھیں، تب ہی انہیں بتایا گیا کہ ان کے شریک حیات اب اس دنیا میں نہیں رہے۔

سینیئر اداکارہ نے کہا کہ انہیں نہ تو خدا سے شکوہ ہے اور نہ ہی اپنے رشتے داروں اور شوبز انڈسٹری کے افراد سے لیکن انہیں عام لوگوں اور سوشل میڈیا صارفین سے بہت شکایتیں ہیں، جنہوں نے ان کے دکھوں کو بڑھایا۔

حنا خواجہ بیات کے مطابق جب ان کے شوہر کا انتقال ہوا تو انہی دنوں میں ان کے ڈرامے کو آن ایئر کیا گیا، جس پر لوگوں نے انہیں آن لائن تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے یہ تک کہا کہ اداکارہ کو شوہر کے مرنے کا کوئی دکھ نہیں ہوگا۔

اداکارہ شوہر کے انتقال پر خود پر ہونے والی تنقید پر بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں اور اشکبار ہوتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو اس بات کا اندازہ اور علم ہی نہیں ہوتا کہ دوسرا کس مشکل وقت سے گزر رہا ہے اور اس کی ذہنی اور دماغی کیفیت کیا ہے لیکن وہ بس سوشل میڈیا کا پلیٹ فارم مل جانے پر دوسروں پر سخت تنقید کرکے ان کے لیے مزید مشکلات پیدا کرتے ہیں۔

حنا خواجہ بیات نے کہا کہ کسی بھی دوسرے شخص کو دوسروں کے دکھ اور کیفیت کا علم نہیں ہوتا، لوگوں کو نہیں علم نہیں ہوتا کہ دوسرا شخص کس درد اور کس مشکل وقت سے گزر رہا ہے لیکن بس وہ تنقید کرتے رہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت وہ جس مشکل حالات سے گزر رہیں تھیں، اس کا علم صرف انہیں ہی ہے، سوشل میڈیا صارفین بس پلیٹ فارم مل جانے پر لوگوں پر تنقید کرتے ہیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیا سوشل میڈیا کا پلیٹ فارم صرف اس لیے ہے کہ وہ اسے استعمال کرنے والے لوگ دوسروں پر کیچڑ اچھالیں، ان پر تنقید کریں؟

حنا خواجہ بیات نے مزید کہا کہ شوہر کے انتقال کے بعد جب وہ دوسرے ممالک گئیں تب بھی ان پر تنقید کی گئی اور کہا گیا کہ انہیں شوہر کے موت کا کیا دکھ ہوگا؟

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو سمجھنا چاہئیے کہ انسان کو زندگی آگے بڑھانی ہوتی ہے، اسے آگے چلنا ہوتا ہے، عدت کے شرعی تقاضے پورے کرکے معمول کی زندگی کی جانب لوٹنا پڑتا ہے اور عدت کے حوالے سے بھی شرائط اور لوازمات موجود ہیں۔

خیال رہے کہ حنا خواجہ بیات کے شوہر راجر خواجہ بیات جنوری 2023 میں کینسر کے باعث انتقال کر گئے تھے، وہ طویل عرصے سے بیماری میں مبتلا تھے اور اداکارہ انہیں علاج کے لیے بیرون ملک بھی لے گئی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024