• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

ایک ٹکٹ پر تین فلموں کے مزے، ’تیری میری کہانیاں‘ کا ٹریلر جاری

شائع June 4, 2023
فوٹو: انسٹاگرام/سی پرائم
فوٹو: انسٹاگرام/سی پرائم

سی پرائم کی پروڈیوس کردہ اور نبیل قریشی، مرینہ خان اور ندیم بیگ کی ہدایت کاری میں بننے والی تین مختلف کہانیوں پر مبنی فلم ’تیری میری کہانیاں‘ کا ٹریلر جاری ہوگیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق فلم کے ٹریلر لانچ کی تقریب کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی جہاں فلم کی کاسٹ سمیت پوری ٹیم نے شرکت کی۔

فلم کی کہانی نامور لکھاریوں نے ترتیب دی ہے جو کسی تعریف کے محتاج نہیں ہیں، جن میں خلیل الرحمٰن قمر، واسع چوہدری، علی عباس نقوی اور باسط نقوی شامل ہیں۔

سی پرائم کی ایگزیکٹو پروڈیوسر سمین نوید کا کہنا تھا کہ ان کی کمپنی مختصر فلمیں بناتی ہے لیکن جب ’تیری میری کہانیاں‘ جیسی فلم کی بات کی جائے تو ہم نے اسے تین مختلف کہانیوں کی ایک فلم بنانے کا سوچا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سب سے پہلے نبیل قریشی کے ساتھ کام کرنا شروع کیا، اس دوران ہم نے دوسروں کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا، پھر جب ندیم بیگ اس پروجیکٹ کے لیے رضامند ہوئے تو ہم نے مرینہ خان سے رابطہ کیا۔

سمین نوید نے مزید بتایا کہ فلم میں تین کہانیاں تین مختلف لوگوں نے ڈائریکٹ کی ہیں، نبیل قریشی کی ہدایت کاری میں بننے والی پہلی کہانی ’جن محل‘ ہارر کامیڈی ہے، دوسری کہانی ’ایک سو تئیسواں‘ ندیم بیگ کی ہدایت کاری میں بنائی گئی ہے جبکہ تیسری کہانی ’پسوڑی‘ کی ہدایت کاری مرینہ خان نے کی ہے۔

نبیل قریشی نے کہا کہ جب وہ پروڈیوسرز کے یوٹیوب چینل کے لیے فلم بنارہے تھے تو اسے سنیما میں ریلیز کرنے کا خیال آیا، تھوڑا غور و فکر کے بعد چونکہ سلور اسکرین کے مختلف تقاضے ہوتے ہیں، اس لیے انتھولوجی (فلموں کا مجموعہ) کے تصور کو حتمی شکل دی گئی۔

ٹیلی ویژن ڈراموں کی ہدایت کاری کے بعد پہلی بار فلم بنانے سے متعلق سوال کے جواب میں مرینہ خان نے کہا کہ وہ کچھ حد تک خوفزدہ تھیں کیونکہ وہ ابھی سیکھنے کے عمل میں تھیں۔

اس کے علاوہ ندیم بیگ نے کہا کہ تیری میری کہانیاں میں کام کرنا ان کے لیے کافی پُرجوش تھا۔

واضح رہے کہ نبیل قریشی کی فلم میں حرا اور مانی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، اس کے علاوہ شہریار منور اور رمشا خان مرینہ خان کی فلم میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں اور مہوش حیات اور وہاج علی ندیم بیگ کی کہانی کے مرکزی کردار ہیں، جبکہ اس فلم میں آمنہ الیاس اور زاہد احمد بھی شامل ہیں۔

فلم تیری میری کہانیاں عیدالاضحیٰ پر ریلیز کی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024