• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

خیبر پختونخوا: ضلع باجوڑ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکا، دو افراد جاں بحق

شائع June 3, 2023 اپ ڈیٹ June 4, 2023
دھماکا تحصیل وڑ ماموند میں ہوا-فوٹو: مراد خان
دھماکا تحصیل وڑ ماموند میں ہوا-فوٹو: مراد خان

خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں دو افراد ہوگئے۔

باجوڑ کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) ستار خان نے بتایا کہ تحصیل وڑ ماموند کے علاقے تیر بانڈگئی روڈ پر گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکا ہوا۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے کے نتیجے میں گاڑی کا ڈرائیور موقع پر جاں بحق ہوا جبکہ گاڑی کا ٹھیکہ دار گل اعظم زخمی ہوا۔

ڈی ایس پی ستار خان نے کہا کہ مذکورہ گاڑی سیکیورٹی چیک پوسٹ کے لیے ریت لے جارہی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد اور جاں بحق ڈرائیور کا جسد خاکی ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال باجوڑ منتقل کردیا گیا ہے جہاں زخمی ٹھیکے دار بھی دم توڑ گئے۔

خیال رہے 27 مئی کو ڈیرہ اسمٰعیل خان میں صدر تھانے کی حدود میں چہکان کے علاقے میں ایک موٹرسائیکل پر سوار خودکش بمبار نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں تقریباً 22 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

جس کے بعد ضلع شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کر کے 2 دہشت گرد کو ہلاک کر دیا تھا۔

خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے کوٹ اعظم میں 24 مئی کو سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا تھا کہ کوٹ اعظم میں کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

اس سے قبل 22 مئی کو خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران پاک فوج کے 2 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا تھا جبکہ 3 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

اسی طرح 26 اپریل کو خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 سپاہی شہید ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024