• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پورے پاکستان کو اس بات پر فخر ہے کہ میں اب ’فخر‘ نہیں رہی، اداکارہ ثنا

شائع June 1, 2023 اپ ڈیٹ June 2, 2023
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

ماضی کی مقبول اداکارہ ثنا نواز نے کہا ہے کہ اب پورے پاکستان کو اس بات پر فخر ہے کہ وہ ’فخر‘ نہیں رہیں۔

اداکارہ کا اصلی نام ثنا نواز ہے، تاہم انہوں نے فخر امام سے شادی کے بعد اپنے نام کے آگے فخر لگایا تھا لیکن دونوں کے درمیان طلاق ہوجانے پر اب وہ پرانے نام سے پہچانی جاتی ہیں۔

ثنا اور اس کے شوہر فخر امام نے اکتوبر 2022 میں سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے بتایا تھا کہ دونوں نے شادی کے 14 سال بعد علیحدگی اختیار کرلی اور وہ اپنے شادی کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔

بعد ازاں اداکارہ نے متعدد انٹرویوز میں بھی طلاق پر کھل کر بات کی تھی اور مبہم انداز میں انہوں نے شوہر کی مبینہ بے وفائی کو اس کا سبب قرار دیا تھا۔

حال ہی میں میڈیا میں یہ خبریں آئی تھیں کہ طلاق ہوجانے کے کئی ماہ بعد دونوں کے درمیان دیگر معاملات بھی طے پاگئے اور لاہور کے یونین کونسل نے انہیں طلاق کے کاغذات بھی جاری کردیے۔

اب اداکارہ نے ایک ٹی وی شو میں مسکراتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان پر پورے پاکستان کو فخر ہے کہ اب وہ ’فخر‘ نہیں رہیں۔

ثنا فخر نے ’اے پلس ٹی وی‘ کے ٹاک شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے متعدد مسائل پر کھل کر باتیں کیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کی فٹنیس کا کوئی خفیہ راز نہیں، وہ ورزش کرنے سمیت دوسرے کام کرتی ہیں، اس وجہ سے وہ فٹ نظر آتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں اپنی فٹنس پر اس وقت فخر ہوتا ہے جب شوبز شخصیات سمیت عام لوگ انہیں سراہتے ہوئے ان سے صحت مند اور جوان رہنے کا راز پوچھتے ہیں جب کہ انہیں اس وقت بہت زیادہ خوشی ہوتی ہے جب دوسرے ان کی دیکھا دیکھی ورزش کرنے لگتے ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ اس بات کی قائل رہی ہیں کہ خواتین کو امیر افراد سے شادی کرنی چاہئیے۔

انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ پیسہ بہت اہمیت رکھتا ہے اور اگر شادی کے بعد جن جوڑوں کے پاس پیسہ نہیں ہوگا تو ان کی شادی اور محبت جلدی ختم ہوجائے گی، اس لیے وہ ہمیشہ خواتین کو مشورہ دیتی ہیں کہ امیر افراد سے شادی کی جانی چاہیے۔

اداکارہ نے واضح کیا کہ وہ یہ بلکل نہیں کہتی ہیں کہ غریب افراد سے شادی نہ کی جائے، کوئی اگر کسی سے محبت کرتا ہے تو کرتا رہے لیکن یہ یاد رکھے کہ پیسے کی بہت اہمیت ہے۔

ثنا نواز کے مطابق وہ پیسے اور محبت میں سے پیسے کا انتخاب کریں گی کیوں کہ زندگی کو آگے بڑھانے میں اس کی بہت اہمیت ہوتی ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ نواز ان کے والد کا نام ہے اور وہ شادی سے قبل ثنا نواز ہی کہلاتی تھیں لیکن رشتے میں بندھنے کے بعد وہ فخر ہوگئی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024