کوئٹہ: پی ٹی آئی کے 24 کارکنان کو رہا کرنے کا حکم
کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 24 کارکنوں اور حامیوں کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے ان کارکنوں کو پولیس نے 9 مئی کو کوئٹہ میں پرتشدد مظاہروں کے سلسلے میں گرفتار کیا تھا۔
9 مئی کے پرتشدد واقعات میں مبینہ طور پر ملوث پی ٹی آئی کے 24 کارکنوں کی ضمانت کی درخواست عدالت میں جمع کرائی گئی تھی، عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے 3 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے کے عوض ان کی ضمانت منظور کر لی۔
ان کارکنان میں قاسم سوری کے چھوٹے بھائی بلال خان سوری بھی شامل ہیں، ضمانت کے بعد پی ٹی آئی کارکنان کو کوئٹہ ڈسٹرکٹ جیل سے رہا کر دیا گیا۔